حکم امتناع ختم ،پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

شہری پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی فوری کر کے جائیداد قرقی و گرفتاری جیسی سزائوں سے بچیں ،ای ٹی او

بدھ 26 جون 2019 19:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کی جانب سے یونین کونسل 80 میں پراپرٹی ٹیکس وصولی کا حکم امتناعی ختم کیے جانے کے بعد محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی نے یوسی 80 و دیگر یوسیز سمیت ضلع بھر میں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت ترین کریک ڈائون کا اعلان کر دیا ،نجی ھائوسنگ سوسائٹی سے 3کروڑ روپے کی ریکارڈ ریکوری کر کے نئی تاریخ رقم کر دی گئی ۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی کے ای ٹی او ایڈمن محمد سمیر نے بدھ کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ نے یونین کونسل نمبر (80موجودہ )(سابقہ نمبر 79)کے تین درخواست دہندگان سے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی بابت عائد حکم امتناعی ختم کر کے نادہندگان کوبنک گارنٹی جمع کروانے یا ٹیکس کی ادائیگی کی ہدایات جاری کی ہیں ۔

(جاری ہے)

ای ٹی او ایڈمن محمد سمیر نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ عدالتی احکامات کے بعد محکمہ نے یوسی 80دیگر یوسیز سمیت ضلع بھر میں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف بلاتاخیر سخت ترین کریک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ عدالت نے اڈیالہ روڈ کے تمام پٹیشنرز کو بھی بنک گارنٹی کا حکم جاری کر دیا اور بنک گارنٹی کے بغیر کسی قسم کی عدالتی کارروائی پر روک لگا دی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے متنازعہ نجی ھائوسنگ سوسائٹی (بحریہ ٹائون )سے بھی محکمہ نے 03کروڑ روپے کی ریکارڈ ریکوری حاصل کر لی ہے جو کہ محکمہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی کی جانب سے راولپنڈی کی تمام یو سیز سے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کی جائے گی اور قواعد و ضوابط کے مطابق تمام یونین کونسلز میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی جاری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ تما م یو سیز کے رہائشی و دیگر شہریوں سے التماس ہے کہ وہ پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی فوری کر کے جائیداد قرقی و گرفتاری جیسی سزائوں سے بچیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبو ت دیں ۔واضح رہے کہ پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف محکمہ ایکسائز کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں او ر محکمہ نے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کی جائیدادیں قرق کرنے ،جائیداد یں سر بمہر کرنے اور مالکان کی گرفتاری جیسی سزائیں دینے کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں