راولپنڈی پولیس نے منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد

بدھ 26 جون 2019 19:32

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) راولپنڈی پولیس نے منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد کیا ، واک میٹرو اسٹیشن صدر سے شروع ہوکر فوڈسٹریٹ بنک روڈ پر اختتام پذیر ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد کیا ، واک کی قیادت سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد فیصل رانا نے کی ۔

واک میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن راولپنڈی محمد فیصل ،پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق ، ایس پی پوٹھوہار سید علی ،علماء کرام ، انجمن تاجران ودیگر سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کیثر تعداد میں شرکت کی ۔علاوہ ازیں ضلعی پولیس ، ڈولفن فورس ، سٹی ٹریفک پولیس ، ایلیٹ فورس نے بھی واک میں شرکت کی ۔ واک کا مقصدمنشیات کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کرنا تھا ۔

(جاری ہے)

واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں نشے سے انکار ،زندگی سے پیار کے بینر اٹھا رکھے تھے۔واک کا آغاز میٹرو اسٹیشن صدر سے ہو ااور فوڈسٹریٹ بنک روڈ پر اختتام پذیر ہوا۔ واک کے اختتام پر شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ آگاہی واک کر کے راولپنڈی پولیس نے یہ پیغام دیا ہے کہ منشیا ت فروشوں کے خلاف ہمارا یہ جہاد جاری رہے گا۔

سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد فیصل رانا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس بھرپور طریقے سے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی عمل میں لارہی ہے اور اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔ اس سلسلہ میں والدین اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے بچوں پر نظر رکھیں ،اور منشیات سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہی فراہم کریں ۔ عوام الناس سے گزارش ہے کہ منشیات فروشوں کے متعلق راولپنڈی پولیس کو اطلاع فراہم کریں ہم اس پر بھرپور طریقے سے کاروائی عمل میں لائیں گے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں