ْفرقہ وارانہ نفرتیں پھیلانے والے ریاست اور قانون کی طاقت کو چیلنج کرتے ہیں،محمد فیصل رانا

بدھ 17 جولائی 2019 18:06

راولپنڈی17جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے کہا ہے کہ فرقہ وارانہ نفرتیں پھیلانے والے ریاست اور قانون کی طاقت کو چیلنج کرتے ہیں،شرانگیز تقاریر ہوں،نفرت آمیز لٹریچر ہو یا اکسانے والی وال چاکنگ اس نوعیت کی قانون شکنی کرنے کے عادی افراد کو نظر بند کروانے کے اقدامات کئے جائیں ، نفرت اورشر انگیزی کی چنگاری کو سلگنے سے پہلے ٹھندا کرنے اور سلگانے والوں کو جیل میں پہنچانا پولیس کی ذمہ داری ہے اس میں سستی اور کوتاہی بھی شرانگیزوں کی سہولت کاری کے زمرے میں آئے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سی پی او فیصل رانا نے کہا کہ ملکی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ داخلی حوالے سے اتحاد و یگانگت کی فضا کو مضبوط سے مضبوط تر کیا جائے،قانون داخلی اتحاد کو فروغ دے رہا ہو اور کوئی شر انگیز تقریر یا تحریر سے اسے سبوتاژ کر رہا ہو تو اس شر انگیز نے قانون کو چیلنج کیا ،اور قانون کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ قانون اپنے دائرہ اختیار میں جنگ کرتا ہے جس میں جیت ہر حال میں قانون کی ہی ہونا ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا حق سب کو ہے لیکن جس اظہار سے معاشرے میں بدامنی پھیلے ، آگ لگے اور امن و امان تہہ و بالا ہو وہ اظہار رائے بدترین قانون شکنی ہے،سی پی او نے کہا کہ ضلع راولپنڈی کے تمام تھانے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر ایسے اقدامات پیشگی اٹھا لیں جس سے اس نوعیت کے حالات پید اہی نہ ہوں ،انہوں نے کہا کہ شر انگیز کسی بھی مکتب فکر ،سکول آف تھاٹ یا مذہب سے ہو اسے یا تو شرانگیزی سے ہمیشہ کے لئے تائب ہونا پڑے گا یا پھر اسے ہمیشہ جیل میں رہنا ہو گا ایسے امن دشمنوں کو ہم کھلا نہیں چھوڑ سکتے،ایسے شرانگیزوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کی انسداد دہشت گری ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج ہوں گے ،پولیس ان لوگوں کو نظر بند کروانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے،انہوں نے کہا کہ معاشرتی امن قائم رکھنے کے لئے میری پولیسنگ سیدھی سادھی ہے کہ قانون ہی سب سے زیادہ طاقتور،طاقتور اور طاقتور ہے قانون سے بڑا کوئی طاقتور نہیں پولیس بھی قانون کے تحت دئیے گئے اختیارات کی وجہ سے ہی قانون پر عمل داری کے لئے ہی طاقتور ہے،سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کے تمام ڈویژنز کے ایس پیز روزانہ کی بنیاد پر مجھے فرقہ وارانہ شر انگیزی میں ملوث افراد کے حوالے سے بریفنگ دیں گے ،افسران سی پی او آفس کی سیکورٹی برانچ کو ہمہ وقت اپ ڈیٹ رکھیں گے ،جس طرح معمول کی پولیسنگ24/7ہے اسی طرح شر انگیزوں کے خلاف پولیسنگ بھی غیر معمولی حالات میں24/7ہی ہو گی،دن کا کوئی وقت یا رات کا کوئی پہر ،شر انگیزوں کے خلاف اقدامات اٹھانے کے حوالے سے پولیس افسران مجھے سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں