جوڈیشل کمپلیکس دوہرے قتل کانامزد دوسراملزم بھی گرفتار

منگل 23 جولائی 2019 19:01

راولپنڈی23جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) جوڈیشل کمپلیکس میں ہونے والے دوہرے قتل کے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے مقدمہ کا نامزد دوسرا ملزم بھی گرفتارکرلیا گیا ہے،ملزم نے گینگ کے سرغنہ ولی جان کی گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے کریمنل ساتھیوں کو اکسایا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق 2018میں جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں دوہرے قتل کی واردات کے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمہ کے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے گزشتہ48گھنٹوں میں اہم ترین پیش رفت ہوئی ہے ،متحدہ عرب امارات سے واپس آنے والے ملزم ارشد لنگڑا کی ائیر پورٹ سے گرفتاری کے بعد اسی مقدمہ کے ایک اور ملزم نجیب اللہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا،سی پی او ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے منگل کے روز سی پی او آفس میں اس مقدمہ کی رپورٹ طلب کی،ایس پی پوٹھو ہار سید علی نے سی پی او کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم نجیب اللہ اس گینگ کا سیکنڈ ان کمانڈ تھا جس نے اپنے کریمنل گینگ کے لیڈر ولی جان کی گرفتاری کے بعدسوشل میڈیا پر مختلف حربے استعمال کرتے ہوئے اکسانے والی پوسٹیں بھی لگائیں جس میں گینگ کے دیگر کریمنلز کو باہر نکل کر قانون شکنی کی کارروائیوں پر اکسایا تھا،ایس پی پوٹھو ہار نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے ،ملزمان سے تفتیش کے دوران دیگر کئی سنگین نوعیت کے مقدمات بھی ٹریس ہوں گے،سی پی او نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں ہونے والی دوہرے قتل کی واردات کے مقدمہ کے ملزمان کی گرفتاری راولپنڈی پولیس کا بڑا کارنامہ ہے ہم نے اس مقدمہ کی تفتیش کو میرٹ پر اس انداز میں یکسو کرنا ہے کہ راولپنڈی کی قانون پسند عوام کو عملی طور پر یقین ہو جائے کہ راولپنڈی میں قانون کی مکمل ہی نہیں مکمل ترین حکمرانی ہے ،کیوں کہ معاشرے میں قانون شکنیوں کے بل بوتے پرخود کو طاقتور سمجھنے والے قانون کی طاقت سے آنکھیں چرائے ہوتے ہیں ہم نے ان قانون شکنوں کو بتانا ہے کہ اگر زمین پر کوئی طاقتور ہے تو وہ صرف اور صرف قانون ہے،سی پی او نے کہا کہ بین الصوبائی لیول کے اس بدنام زمانہ گینگ کی قانون شکنیاں سہولت کاری کے بغیر ناممکن ہیں پولیس اس گینگ کی مجرمانہ سرگرمیوں کی سہولت کاری کرنے والے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرے،سی پی او نے کہا کہ جوڈیشل کملیکس میں ہونے والے دوہرے قتل کے مقدمہ کے تفتیشی فالو اپ سے انہیں روزانہ کی بنیاد پر آگاہ رکھا جائے جبکہ ایس پی پوٹھو ہار اس مقدمہ کی تفتیش کی براہ راست نگرانی اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن مکمل مانیٹرنگ کریں گے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں