آر ڈی اے نے راولپنڈی کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری شروع کر دی، ایئر پورٹ روڈ پر تین اوور ہیڈ برج ،عمار چوک ری ماڈلنگ منصوبہ رواں مالی سال مکمل کیاجائے گا، عارف عبا سی

منگل 23 جولائی 2019 19:56

راولپنڈی 23جو لا ئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) چیئرمین راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی عارف عبا سی نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار آرڈی اے کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں آرڈی اے نے اکتوبر2018 سے جولائی 2019 تک طے شدہ اہداف سے زائد ریونیو حاصل کر کے ریکارڈ قائم کر دیا ۔انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایاکہ آر ڈی اے کا مجموعی ریونیو ٹارگٹ 22کروڑ 86 لاکھ روپے مقرر کیا گیا تھا تاھم آر ڈی اے نے 24 کروڑ 73 لاکھ روپے کا ریکارڈ ریونیو اکٹھا کیا جو کہ ٹارگٹ سے دس فیصد زیادہ ہے۔

اسی طرح 9 کروڑ 48 لاکھ روپے کی بچت کرتے ہوئے 16 کروڑ 91 لاکھ روپے کے اخراجات کئے گئے۔عارف عباسی نے بتایاکہ رواں مالی سال میں ایئرپورٹ روڈ پر 3 مقامات پر اوور ہیڈ برج بنانے کے لئے دو کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ عمار چوک کی ری ماڈلنگ اور اسے سگنل فری بنانے کے منصوبے کے لئے پانچ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ دوران ملازمت وفات پاجانے والے ملازمین کے ورثاء کی مالی معاونت کے لئے پانچ ملین روپے مختص کیے گئے ہیں ۔

غیر قانونی نجی رہائشی اسکیموں کی لوٹ مار روکنے کے لیے تمام منظور شدہ ھائوسنگ سکیموں کے لے آئوٹ پلان ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں تاکہ عوام کسی بھی فراڈ سے محفوظ رہیں اور کسی بھی رہائشی سکیم میں سرمایہ کاری سے قبل چھان بین کر لیں ۔چیئر مین آر ڈی اے محمد عارف عباسی نے صحافیوں کو بتایاکہ آر ڈی اے کے اکاؤئنٹس سے ایف بی آر نے 329.072 ملین روپے کی غیر قانونی کٹوتی کی تھی اس کٹوتی کے لیے ایف بی آر سے خط وکتابت جاری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کا دیرینہ مسئلہ رنگ روڈ کا تھا جس کی لینڈ ایکوزیشن کے لیے چار ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔رنگ روڈ منصوبے کے لیے کنسلٹنٹ کا تقرر بھی رواں ہفتہ کیے جانے کا قوی امکان ہے ۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کاروائی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ چار سوسائٹیوں کے این او سی منسوخ کئے گئے ہیں جبکہ اکتوبر 2018سے اب تک کسی بھی نئی رہائشی اسکیم کی منظوری نہیں دی گئی ۔

انہوں نے کہاکہ بے نظیر ائیرپورٹ روڈ پر تین اورورہیڈبرجزکا مقصدلوگوں کی جانیں بچانا ہے حالیہ چند برسوں میں 46 افراد اس سڑک پر حادثات کا شکار ہوکر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔یہ اوور ہیڈ برجز شاہ خالد کالونی ،گریسی لائن اور گلزار قائد میں بنائے جائیں گے ۔چیئرمین آر ڈی اے نے کہاکہ آرڈی اے کی ملکیتی اراضی لینڈ مافیا سے واگذار کرانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں اور اس ضمن میں اچھی خاصی کامیابی بھی ہوئی ہے اور کروڑوں روپے مالیت کی اراضی واگذار بھی کرائی گئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں پانی کی کمی ہے اور زیرزمین پانی کے ذخائر 600 فٹ گہرائی پر چلے گئے ہیں، ایسے حالات میں زمین سے پانی نکالنا بہت بڑا ظلم ہے۔ایک سوال کے جواب میں عارف عباسی نے کہاکہ جڑواں شہروں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے غازی بروتھا منصوبہ ناگزیر ہے جس پر سی ڈی اے سے مشاورت کے بعد آئندہ دوہفتوں میں کنسلٹنٹ کی ھائرنگ کاکام مکمل کر لیا جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ اس منصوبے سے جڑواں شہروں کو یومیہ 600 ملین گیلن پانی مل سکے گا۔راولپنڈی شہر کے ماسٹر پلان کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ قبل ازیں شہر کاکوئی ماسٹر پلان نہیں تھا تاھم اب آئندہ پچاس سال کا ماسٹر پلان تیار کر لیا ہے اور اس حوالے سے تمام ٹی او آر ز بھی منظور کر لئے گئے ہیں ۔عارف عباسی نے کہاکہ آر ڈی اے نے سستی اور معیاری رہائشی سہولیات کی بہم رسانی کے لیے 2000کنال اراضی مالکان سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر رہائشی اسکیم کے اجراء کے بھی اقدامات شروع کر رکھے ہیں ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں