زیادتی ویڈیوکیس ،گینگ کی گرفتاری سے راولپنڈی پولیس نے عالمی شہرت حاصل کر لی

اتوار 18 اگست 2019 21:10

زیادتی ویڈیوکیس ،گینگ کی گرفتاری سے راولپنڈی پولیس نے عالمی شہرت حاصل کر لی
راولپنڈی 18اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) کم عمر بچیوں سے زیادتی کر کے ان کی ویڈیوبنانے والے میاں بیوی گینگ کی گرفتاری سے راولپنڈی پولیس کو عالمی شہرت مل گئی،عالمی نشریاتی اداروں نے پنڈی پولیس کی کامیابی کی سٹوری نشرکی جبکہ اخبارات نے سرخیوں میں گرفتاری کا ذکر کیا ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کی کمانڈ میں کام کرنے والی راولپنڈی پولیس کے ہاتھوں کم عمر بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر ان کی برہنہ ویڈیو بنانے والے میاں بیوی گینگ کی گرفتاری پہلے ملکی میڈیا میں راولپنڈی پولیس کی کامیابی کے حوالے سے ٹاک آف ٹاؤن بنی رہی گزشتہ روز انٹرنیشنل میڈیا نے بھی اس سٹوری کو اپنی نشریات کا حصہ بنایا ،جبکہ انٹرنیشنل پرنٹ میڈیا اور ویب سائٹس میں بھی اس سٹوری کو نمایاں جگہ دی گئی،سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں اور شخصیات کے اندرون و بیرون ملک سے ٹیلی کالز موصول ہوئیں جس میں لوگوں نے سی پی او کو پنڈی پولیس کی شاندار کارکردگی پر شاباش دی،سی پی او نے یقین دلایا کہ میں اس معاملے کی مکمل نگرانی کر رہا ہوں ،میری کوشش ہے کہ سفاک ملزمان کے خلاف ایک ایک وقوعہ کی ایف آئی آر درج کی جائے ،مکمل اور ناقابل تردید شواہد کے ساتھ مقدمات کا چالان عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق ایسی سزا دلوائی جائے جو معاشرے میں عبرت کا نشان بن جائے،سی پی او نے متاثرہ خاندانوں سے ایک مرتبہ پھر درخواست کی ہے کہ ڈرنے کی بجائے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروائیں ،انہوں نے باردیگر اس بات کا اعادہ کیا کہ اگر کوئی خاندان معاشرتی دباؤ یا کسی اور وجہ سے مقدمہ کا مدعی نہیں بن سکتا پولیس اس کی جگہ مدعی بننے کو تیار ہے،تاہم پولیس کو ملزمان کے خلاف شواہد مہیا کرنے کے لئے متاثرہ خاندانوں کو تعاون کرنا ہو گا،سی پی او نے کہا کہ اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ ملزمان کا ایسا گھناؤنا کھیل کھیلنے کا مقصد ہوس پرستی کے علاوہ اور کیا تھا،انہوں نے کہا کہ عوام نے جس طرح ان سفاک ملزمان کی گرفتاری پر پولیس کی حوصلہ افزائی کی ہے وہ ایک مثال ہے ،راولپنڈی پولیس عوام کے تعاون اور قانون کی طاقت سے ہر قسم کے قانون شکنوں کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی تاکہ معاشرے کو ہر قسم کے قانون شکنوں سے پاک کیا جائے،سی پی او نے کہا کہ سفاکیت کا شکار بچیوں کے خاندان انہیں جب چاہیں اور جہاں چاہیں آسانی سے مل سکتے ہیں ہم سب نے مل جل کر ان ملزمان کوقانون کے مطابق نشان عبرت بنانا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں