راولپنڈی ،نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کیلئے قائم کمیٹی نے 243نئے سکولوں کو کام کرنے کی اجازت دیدی

منگل 20 اگست 2019 21:26

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) راولپنڈی کی نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے لیئے قائم کمیٹی نے 243نئے سکولوں کو کام کرنے کی اجازت دے دی ،ایک سو پرانے سکولوں کے کیسز کو بھی توسیع کی مشروط اجازت مل گئی ، جبکہ عرصہ 4ماہ کے مخصوص دورانیہ میں شرائط کی عدم تکمیل کی بنیاد پر رجسٹریشن منسوخ تصور کی جائے گی، اس ضمن میں چیف ایگزیکٹو آ فیسر برائے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اعظم کاشف کی زیرنگرانی اورڈی ای او سیکنڈری محمد سعید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ رجسٹریشن کمیٹی راولپنڈی کا اجلاس گورنمنت ڈی نیز ہائر سیکنڈری سکول صدر میں منعقد ہوا جس میں ممبران ڈسٹرکٹ رجسٹریشن کمیٹی ابرار احمد خان، سید اعجاز حسین شاہ، کنوینیر انسپکشن کمیٹی مبشر احمد، مشتاق احمد سیال، ملک اعجاز حسین، عبدالجلیل ، مسز نسیم کوثر اور نعیم حیدرنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کوآرڈی نیٹر رجسٹریشن کمیٹی سید اکبر شاہ نے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کی منظوری کے لئے کمیٹی کے سامنے کل 343 سکولز کے کیسز پیش کئے 243 نئے سکولز جبکہ 100 کے قریب رجسٹریشن میں توسیع کے کیسز تھے۔ کمیٹی نے تمام کیسز کا بغور جائزہ لیا اور تمام سکولز کو مشروط منظوری دے دی گئی۔ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ تمام تعلیمی اداروں کو مشروط رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کئے جائینگے عرصہ 4ماہ کے مخصوص دورانیہ میں شرائط کی عدم تکمیل کی بنیاد پر رجسٹریشن منسوخ تصور کی جائے گی۔

ابرار احمد خان نے مطالبہ کیا کہ رجسٹریشن پراسیس کو آ سان بنایا جائے اور پیچیدگیاں ختم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعلیمی ادارے محکمہ تعلیم کے ساتھ رجسٹرڈ ہو سکیں۔ کمیٹی کے سامنے کلرک سر مد نے انکشاف کیا کہ ایک پرائیویٹ کمپنی کی طرف سے سکول بلڈنگ کے بوگس نقشے اور بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کئے جارہے ہیں جس پر کمیٹی نے اس کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کر نے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔

اعظم کاشف اور ڈی ای او سیکنڈری محمد سعید نے مشترکہ بیان میں کہا کہ رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اچھے معیار ی تعلیم دینے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ نجی تعلیمی ادارے اپنے اداروں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں ڈینگی اور پولیو کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ محکمہ تعلیم فروغ تعلیم میں اضافے کے لئے نجی شعبہ کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ میٹنگ کا انعقاد نہایت اچھے ماحول میں ہوا اور طے پایا کہ تمام انسپکشن کمیٹیز کے ممبران کو تحریری طور پر ہدایات جاری کی جائینگی جن کو مدنظر رکھتے ہوئے سکولز کا معائنہ کیا جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں