جنگلات کی کمی کو پورا کرنے ، موسمیاتی بدلائو میںکمی کیلئے تحریک انصاف باشعور دنیا کے شانہ بشانہ چل رہی ہے ،راجہ راشد حفیظ

درخت اور انسان کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے وہ نہ صرف دو ، دو پودے لگائیں بلکہ ان کو پروان چڑھانے کیلئے ان کی مکمل نگہداشت بھی کریں،وزیر خواندگی پنجاب

اتوار 25 اگست 2019 15:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ملک میں جنگلات کی کمی کو پورا کرنے ، گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی بدلائو میںکمی کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت باشعور دنیا کے شانہ بشانہ چل رہی ہے ․ 2014 ء میں کے پی کے میں بلین ٹری سونامی کے بعد ’’کلین اینڈ گرین پاکستان ‘‘ پروگرام کے ذریعے پاکستان کو سرسبز و شادات اور ماحول دوست بنانے کیلئے سرکاری اور نجی سطح سے ہر ادارے کو شجر کاری مہم میں شامل کیا گیا ہے ․ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف دو ، دو پودے لگائیں بلکہ ان کو پروان چڑھانے کیلئے ان کی مکمل نگہداشت بھی کریں تاکہ یہ مہم محض لفظی اور کاغذی نہ ہو․ حکومت اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے ․ انہوں نے یہ بات لٹریسی سنٹر مری میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں تین پودے لگانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ درخت اور انسان کا چولی دامن کا ساتھ ہے ․ درخت ہماری خوراک کے علاوہ ہمیں ماحول کی آلودگی سے بچاتے ہیں اور بارشیں لانے کے علاوہ زمین کی بردگی روکنے سمیت بے شمار فوائد کے حامل ہیں ․ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی کے ساتھ ہمارے ملک میں آبادی اور جنگلات کا توازن انتہائی بری طرح بگڑا جس میں سابق حکمرانوں اور خاص طور پر جنگلات کے محافظوں کے لالچ کا بڑا کردار رہا ہے ․ ہماری حکومت نہ صرف موجودہ جنگلات کو محفوظ بنانے پر توجہ دے رہی ہے بلکہ ’’کلین اینڈ گرین پاکستان ‘‘ پروگرام کے تحت درختوں اور آبادی کے تناسب میں گیپ کو پورا کرنے پر بھی بھر پور توجہ دے رہی ہے ․ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے ارباب اختیار کر وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے ہدایات ہیں کہ وہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے لگائے جانے والے پودوں کی نگرانی بھی کریں تاکہ وہ پوری طرح پروان چڑھ سکیں ․ بعد ازاں صوبائی وزیر نے لٹریسی سنٹر مری میں کلاس رومز کا دورہ بھی کیا اور وہاں پڑھنے والی طالبات اور طلبہ سے بات چیت بھی کی ․ انہوں نے کہا کہ حکومت شرح خواندگی کو مطلوبہ سطح تک لانے کیلئے کاوشیں کر رہی ہے ․ اساتذہ اور والدین کا فرض ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے فارمل اور نان فارمل تعلیمی سہولیات سے بھر پور استفادہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کروائیں ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں