جن علاقوں میں ناجائز اسلحہ پائے جانے کی اطلاعات ہیں وہاں پر بھر پور آپریشن کئے جائیں‘ سی پی او

پیر 16 ستمبر 2019 21:23

راولپنڈی16ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) سی پی او نے راولپنڈی کو ’’اسلحہ فری‘‘ بنانے کے احکامات جاری کر دئیے،جن علاقوں میں ناجائز اسلحہ پائے جانے کی اطلاعات ہیں وہاں پر بھر پور اور منظم انداز میں آپریشن کئے جائیں،اسلحہ قانونی ہو یا غیر قانونی اس کی نمائش کا سوچنا بھی قانون شکنی ہو گا،سوشل میڈیا پر اسلحہ کے ساتھ تصاویر بنوانے والے ’’شوقیہ‘‘ افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا راولپنڈی سے ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لئے مربوط حکمت عملی سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے گزشتہ روز اس حوالے سے ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ایس ایس پی آپریشنز سید علی اکبر،ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل،ایس پی صدر رائے مظہر اقبال،ایس پی پوٹھوہار سید علی اور ایس پی راول آصف مسعود سمیت پولیس افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی او فیصل رانا نے کہا کہ اسلحہ معاشرے میں جرائم اور قانون شکنیوں کی بنیادہوتی ہے اگر ناجائز اسلحہ پر کنٹرول کر لیا جائے تو ڈکیتی قتل سمیت کئی سنگین وارداتیںوقوع پذیر ہی نہیں ہو سکتیں،انہوں نے کہا کہ پولیس کا ٹارگٹ ہے کہ ہم نے پنڈی کو ’’اسلحہ فری‘‘ بنانا ہے اس کے لئے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جتنے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہو گی وہ اٹھائے جائیں گے،سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناجائز اسلحہ پکڑنے کے لئے غیر معمولی ناکہ بندیاں کی جائیں جنہیں ایک گزٹیڈ آفیسر مانیٹر کرے ،انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی سمگلنگ حساسیت کے حوالے سے سب سے بڑی قانون شکنی والی سمگلنگ ہے،سی پی او کو ایس پی صدر رائے مظہر اقبال نے بتایا کہ تھانہ چونترہ کے علاقہ میں پولیس کا ناجائز اسلحہ کے حوالے سے کامیاب آپریشن جاری ہے ،جس کے دوران 55سے زائد کلاشنکوفوں سمیت غیر ملکی ساخت کا اسلحہ بھاری مقدار میں بر آمد کر لیا گیا،متعدد ملزمان گرفتار ہوئے جن کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ،اسی طرح تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ میں بھی پولیس نی2ملزمان کو گرفتارکر کے ان سے ایس ایم جی گن سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد کر لیا ،ایس پی پوٹھو ہار سید علی اور ایس پی راول آصف مسعود نے بتایا کہ ان کے ڈویژنز میں بھی ناجائز اسلحہ کے خلاف بھر پور انداز میں مہم چلائی جا رہی ہے ،سی پی او نے کہا کہ ناجائز اسلحہ کو رکھنا اور اس کی نمائش معاشرے میں ’’وڈے پن ‘‘ کی علامت بنتی جا رہی ہے ہم نے اسے توڑنا ہے ناجائز اسلحہ سے کروڑوں روپے کی زمینوں پر ناجائز قبضے کئے جاتے ہیں ،ناجائز اسلحہ ہی قبضہ مافیا اور منشیات کے سمگلروں کو سہولت کار لے طور پر سپورٹ کرتا ہے،سی پی او نے کہا کہ واضح دو ٹوک اور کرسٹل کلیئر پالیسی ہے کہ اسلحہ جائز ہو یا ناجائز کوئی غیر سرکاری شخص کسی بھی صورت اسلحہ کی نمائش نہیں کر سکتا ،یہاں تک کہ جو ’’شوقیہ‘‘ لوگ سوشل میڈیا پر ایسا کریں گے ان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی،سی پی او نے کہا کہ ناجائز اسلحہ کے خلاف جاری آپریشن کے نتائج کے حوالے سے وہ خود ہفتہ وار میٹنگ لیں گے جس میں افسران سے جواب طلب کیا جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں