ٹیکسلا پولیس نے بنک میں واردات کرنے والے منیجر سمیت5ملزمان گرفتار کر لئے

پیر 16 ستمبر 2019 21:23

راولپنڈی16ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) ٹیکسلا کے بینک میں 55لاکھ روپے لوٹنے کی واردات ٹریس،بینک کا ریلیشن مینجر ماسٹر مائنڈ نکلا،پولیس نے واردات کرنے والے اور مینجر سمیت5ملزمان گرفتار کر لئے،سوشل میڈیا پر واردات ٹریس کرنے اور ملزمان کی گرفتاری سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا،تفصیلات کے مطابق ایس پی پوٹھوہار سید علی نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چند ہفتے قبل تھانہ ٹیکسلا کے علاقہ میں نجی بینک کی گاڑی 55لاکھ روپے کیش لے کر صوبہ خیبر پختونخواہ میں واقع اے ٹی ایم مشین میں رکھنے جا رہی تھی کہ قصبہ بھلڑ توپ کے قریب نا معلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر55لاکھ روپے نقدی چھین لی اور فرار ہو گئے،اس واردات کو ٹریس کرنے کے لئے ایس پی پوٹھوہار کی سربراہی میں ایس ایچ او ٹیکسلا سہیل ظفر انچارج چوکی محمد رفیق سمیت دیگر افسران پر مشتمل ٹیم نے جدید سائنسی ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے سنگین واردات کو ٹریس کیا،ایس پی نے بتایا کہ اس واردات کا ماسٹر مائنڈ نجی بینک کا ریلیشن آفیسر یاسر زمان ہے جس نے اپنے ساتھی سبطین کے ساتھ مل کر کیش کے جانے کے حوالے سے اطلاعات فراہم کیں اور کیش لوٹنے والوں کو بتایا کہ جس گاڑی میں کیش لے جایا جا رہا ہے اس میں بینک کی رقوم منتقلی کے وہ سیکورٹی ایس او پیز بھی پورے نہیںجو اسٹیٹ بینک کی طرف سے متعین کئے گئے ہیں،ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے واردات کے ماسٹر مائنڈ یاسر زمان ،اس کے ساتھی سبطین ،واردات کرنے والے ملزمان نجیب،عمیر اور آکاش کو گرفتار کر لیا ،ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے بھجوایا گیا ہے عدالت سے جسمانی ریمانڈ پر ملزمان کو حاصل کر کے تفتیش کے دوران ملزمان سے لوٹی گئی رقم بر آمد کی جائے گی،سی پی او فیصل رانا نے ڈکیتی کی بڑی اور سنگین واردات ٹریس کرنے پر ایس پی پوٹھوہار سید علی اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس کی کامیاب پولیسنگ کی وجہ سے وارداتوں کو ٹریس کرنے کی شرح میں جو نمایاں اضافہ ہو رہا ہے اس کا اعتراف معاشرتی حوالے سے کیا جا رہا ہے ہمیں اس کارکردگی کو مزید بڑھانا ہے انہوں نے ہدایت کی کہ بینکوں کی رقوم لوٹنے والے عام ڈکیت گینگ نہیں ہوتے بلکہ منظم اور بین الصوبائی ڈکیت گینگ ہوتے ہیں ،ملزمان سے تفتیش کے دوران ان کے دیگر ساتھی ڈاکو اور سہولت کار گرفتار کئے جائیں،ادھر سوشل میڈیا پر صارفین نے بینک کی 55لاکھ روپے کی لوٹی گئی رقم کی واردات ٹریس کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کو سی پی او فیصل رانا کے کمانڈنگ اقدامات کا نتیجہ قرار دیا ہے ،سوشل میڈیا پر پولیس کی یہ کارکردگی ٹاپ ٹرینڈ کے طور پر سامنے آئی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں