راولپنڈی،سی پی او نے پرائیویٹ گاڑیوں پر نیلی بتی اور کالے شیشے لگانے والوں کیخلاف آپریشن کا حکم دیدیا

قانون سب سے طاقتور ہے ،پولیس پر میرٹ اور قانون کے علاوہ کسی کا کوئی دباؤ نہیں،قانون کی حکمرانی کے ماحول میں جو پولیس والا عوام کو انصاف مہیا نہیں کر سکتا اس کیلئے پنڈی پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہے،محمد فیصل راناکا پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب

بدھ 18 ستمبر 2019 00:07

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) سی پی او نے پرائیویٹ گاڑیوں پر نیلی بتی اور کالے شیشے لگانے والوں کے خلاف آپریشن کا حکم دے دیا،قانون سب سے طاقتور ہے قانون سے طاقتور کوئی نہیں،پنڈی پولیس پر میرٹ اور قانون کے علاوہ کسی کا کوئی دباؤ نہیں،قانون کی حکمرانی کا ماحول راولپنڈی میں فراہم کر دیا ہے ،ایسے ماحول میں عوام کو انصاف نہ دینے والوں کے لئے پنڈی پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔

سی پی او محمد فیصل رانا نے یہ بات منگل کو پولیس لائنز میں پولیس افسرا ن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز سید علی اکبر،ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل،ایس پی صدر رائے مظہر اقبال،ایس پی پوٹھوہار سید علی ،ایس پی راول آصف مسعودسمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے کہا کہ معاشرے میں قانون شکنوں نے کئی روپ دھار رکھے ہیں ،قانون شکن کریمنلز اکثر اوقات قانون کو دھوکا دینے کے لئے جرائم کے لئے پرائیویٹ گاڑی پر نیلی بتی لگا لیتے ہیں گاڑیوں پر کالے شیشے لگا دئیے جاتے ہیں تاکہ گاڑی کے اندر کر کرتوت نظر نہ آئیں بسا اوقات ایسا معاشرے میں خود کو ’‘خودساختہ‘‘ وی آئی پی ثابت کرنے کے لئے بھی کیا جاتا ہے ،جس کی قانون اجازت نہیں دیتا،وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور آئی جی پنجاب کی ہدایات پر قانون سب کے لئے یکساں کے مسلمہ اصول کے تحت پرائیویٹ گاڑیوں پر لگی نیلی بتیوں اور کالے شیشے رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف منظم آپریشن شروع کیا جا رہا ہے جو اہداف کے حصول تک جاری رہے گا،سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر لگے پولیس ناکوں پر پولیس ہر اس پرائیویٹ گاڑی کو چیکنگ کے ایس او پی کے تحت مکمل چیک کریں جس پر نیلی بتی لگی ہو یا جس کے شیشے کالے ہوں،سی پی او نے کہا کہ ایسی گاڑیوں میں بیٹھنے والے معاشرے کے معزز افراد ہوں گے، ان کا معزز پن تسلیم لیکن قانون کی نظر میں معزز وہی ہوتا ہے جو قانون پسند ہوتا ہے اور قانون کسی پرائیویٹ شخص کو گاڑی پر نیلی بتی لگانے یا کالے شیشے لگانے کی ہرگز ہرگز اجازت نہیں دیتا،ڈی -آئی جی فیصل رانا نے کہا کہ پنڈی میں خدا کے فضل و کرم ،منتخب عوامی نمائندوں ،میرٹ پرست میڈیا اور قانون پسند عوام کے تعاون سے قانون کی حکمرانی قائم ہے پنڈی پولیس پر قانون اور میرٹ کے علاوہ کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے،قانون کی حکمرانی کے اس ماحول میں جو پولیس والا عوام کو انصاف مہیا نہیں کر سکتا اس کے لئے پنڈی پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں