تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،حکومت اس حقیقت کا مکمل ادراک رکھتی ہے،راجہ راشد حفیظ

․ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گی․ تاجروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اندر موجود ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کی نشاندہی کریں،وزیر خواندگی پنجاب

بدھ 18 ستمبر 2019 23:51

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت اس حقیقت کا مکمل ادراک رکھتی ہے ․ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گی․ تاجروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اندر موجود ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کی نشاندہی کریں اور ملاوٹ ، جعل سازی اور دونمبری کو روکنے کیلئے بھی حکومت کے ساتھ تعاون کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات چن بازار ، صرافہ بازار راولپنڈی میں تاجروں کے مسائل معلوم کرنے کیلئے اچانک دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ․ راجہ راشد حفیظ نے چن بازار کے تجارتی مراکز کا دورہ کیا اور تاجروں سے ملاقاتیں کرکے ان سے ان کے مسائل معلوم کئے ․ انہو ںنے کہا کہ تاجر ہماری معیشت کا اہم ستون ہیں جن کو درپیش مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے ․ تاجروں پر بھی کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں جن میں ٹیکس کی ایماندارانہ ادائیگی سر فہرست ہے ․ اسی طرح تجارت کے پیشے سے منسلک ہو کر جعلی اور دو نمبر اشیاء بنانے اور فروخت کرنے والوں کا محاسبہ بھی تاجروں کی ذمہ داری ہے اور جو لوگ اس کاروبار سے منسلک ہیں ان کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لانا تاجروں کے تعاون سے بہت آسان ہو جاتا ہے ․ اس سے قبل جب راجہ راشد حفیظ چن بازار پہنچے تو دکانداروں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا استقبال کیا ․ صوبائی وزیر مختلف دکانوں میں گئے اور وہاں جمع ہونے والے تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاجر اگر ایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ کام کریں تو نہ صرف ملک کی معیشت بہتر ہو سکتی ہے بلکہ عوام الناس کی زندگیوں میں بھی بہتری آ سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں