آصف علی زرداری کو اڈیالہ جیل میں تمام سہولیات جیل مینوئل کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں، مہناز سعید

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) وائس چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب شکایت سیل مہناز سعید نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو اڈیالہ جیل میں تمام سہولیات جیل مینوئل کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں، ان کی بیرک میں کوئی ائرکنڈیشنر اور ائیر کولر نہیں ہے صرف ایک پنکھا ہے جو معمول کے مطابق فراہم کیا گیا ہے - انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر سابق صدر کی بیرک کا جائزہ لیا ہے تاکہ ایسی تمام بے بنیاد خبروں اور اطلاعات کی تردید کی جاسکے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو اڈیالہ جیل میں غیرقانونی سہولیات اور وی آئی پی پروٹوکول فراہم کیا جا رہا ہے - یہ بات انہوں نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر کہی- سینئر سپرنٹنڈنٹ جیل ثاقب نذیر چوہدری اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل محمد اکرم بھی موجود تھی- وائس چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب شکایت سیل مہناز سعید نے جیل کی بی کلاس ، خواتین اور بچوں کے وارڈز اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا- انہوں نے قیدیوں سے جیل میں موجود سہولیات کے بارے میں دریافت کیا- انہوں نے کہا کہ وی آئی پی کلچر کا خاتمہ پی ٹی آئی کے ایجنڈے کا اہم جزو ہے اور حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عام انسان کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے اور کسی کو بھی اس کی حیثیت اور سیاسی اثر و رسوخ کی بنیاد پر کوئی غیرقانونی سہولت یا مدد فراہم نہیں کی جا سکتی - مہناز سعید نے کہا کہ جیل میں قید یوں کی اخلاقی تربیت کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد وہ معاشرے کے لئے سود مند فرد کے طور پر کردار ادا کرسکیں - انہوں نے کہاکہ خواتین اور بچوں کی تربیت اور جیل میں ان کیلئے موجود سہولیات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ان میں مراحلہ وار بہتری لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کا ایجنڈا ہے کہ جیلیں تربیت گاہ بنیں جہاں قیدیوں کی اخلاقی اور نفسیاتی تربیت کی مکمل سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے جیل میںقائم کم عمر بچوں کے سکول کا بھی دورہ کیا اور تدریس اور تعلیمی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے جیل میں پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر وائس چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب شکایت سیل مہناز سعید کو بتایا گیا کہ جیل میںٹھنڈے پانی کی سہولت تمام بیرکوں میں میسر ہے اور جیل میں صفائی کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں