ضلع راولپنڈی میں قبضہ گروپوں کے خلاف کریک ڈائون کی تیاریاں

شہریوں کو ناجائز قابضین بارے ڈپٹی کمشنر کو ہیلپ لائن یا ای میل پرشکایات درج کرانے کی ہدایت

ہفتہ 21 ستمبر 2019 17:24

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) راولپنڈی کیضلعی انتظامیہ نے قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیا ز کارروائی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ضلع کی حدود میں قبضہ مافیا کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کردیا ہے ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں قبضہ گروپوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنی شروع کردی ہیں ۔

انھوں نے بتایاکہ زمینوں پر ناجائز قبضے کی بابت عوام سے براہ راست معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور انہیں قبضہ مافیا کے بارے میں تفصیلات ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا گیا ہے اور متنازعہ زمین /جائیداد کا سول عدالت میں کوئی کیس زیر سماعت نہیں تو متاثرہ شخص کو زمین کا قبضہ واپس دلانے کے لیے ضلعی مشینری حرکت میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

دستیاب معلومات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصہ سے چکری روڈ ،اڈیالہ روڈ و دیگر علاقوں میں قبضہ مافیا کی سرگرمیاں زور پکڑ گئی تھیں اور مبینہ قبضہ گروپوں نے اسلحے کے زور پر متعدد شہریوں سے ان کی اراضی زبردستی لے لی تھی ۔اس بابت وزیر اعلیٰ شکایات سیل پر شکایات کی موصولی اور دیگر ذرائع سے حقائق منظر عام پر آنے کے بعد راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کو قبضہ گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ۔قبضہ گروپوں کے خلاف اطلاعات کے لیے ڈپٹی کمشنر کو ہیلپ لائن 051-9292528یا 051-9292732 پر شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں جبکہ بذریعہ ای میل معلومات کی فراہمی [email protected] پر کی جاسکتی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں