راولپنڈی،انسداد ڈینگی واک کاانعقاد ،عوامی نمائندوں ،افسران اور شہریوںکی شرکت

ڈپٹی کمشنرکا ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہمراہ کمرشل مارکیٹ میں آگاہی کیمپ کا دورہ

ہفتہ 21 ستمبر 2019 18:14

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے کہاہے کہ حکومتی سطح پر ڈینگی کنٹرول کے پلان پر پوری طرح عملدرآمد جاری ہے،عوامی نمائندے ڈینگی آگاہی مہم میں پیش پیش ہیں،ڈینگی سے مکمل تحفظ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزادر کی ہدایت پر ڈینگی پر قابو پانے کیلئے پر عزم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے بارے میں عوامی آگاہی کیلئے سید پور روڈ پر منعقدہ واک کے موقع پر کیا ۔واک کی قیادت شیخ راشد شفیق ایم این اے، صوبائی وزیر لٹریسی و غیر رسمی تعلیم راجہ راشد حفیظ، کمشنر راولپنڈی ثاقب ظفر،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سردار سیف اللہ خان ڈوگر،ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راولپنڈی اویس منظور تارڑو ضلعی انتظامیہ کے افسران نے کی ۔

(جاری ہے)

واک میں،عوامی نمائندوں کے علاوہ سرکاری محکموں، میونسپل کارپوریشن،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ریسکیو 1122،شہری دفاع کے قومی رضا کاروں، محکمہ صحت کے افسران و سٹاف ممبران، تعلیمی اداروں کے طلبائ و طالبات کی کثیر تعداد میں شرکت ۔ڈینگی آگاہی مہم کے سلسلے میں منعقدہ واک میں قومی فنکار وں اور کھلاڑیوں کی بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئی ۔

واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر ڈینگی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ روزانسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور البائراک کے کمرشل مارکیٹ میں لگائے گئے آگاہی کیمپ کا ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑکے ہمراہ دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی و چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے تمام اداروں اور شہریوں کو ملکر کام کرنا ہوگا،شہر کی صفائی کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کاوشوں میں ہاتھ بٹائیں۔

انہوں نے اس موقع پر شہریوں میں ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے حفاظتی اقدامات اور آگاہی کے پیغامات پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے ،انہوں نے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ،صفائی کی اپنی زمہ داریوں کا بھی احساس کرتے ہوئے اپنے گھر کی طرح گلی،محلے کو بھی صاف رکھیں،کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں،متاثرہ علاقوں میں ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات کیساتھ ساتھ لوگوں میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم بیماریوں کا مقابلہ کر سکیں،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہریوں کو صا ف ستھرا اور بیماریوں سے پاک ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں