ملک بھر میں حکیم محمد سعید کی 21ویں برسی منائی گئی

جمعرات 17 اکتوبر 2019 18:38

راولپنڈی 17اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) معروف دانشور حکیم محمد سعید کی21ویں برسی جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔حکیم محمد سعید کی برسی کے موقع پر جمعرات کواسلام آباد/ راولپنڈی، کراچی، پشاور، لاہور کے علاوہ دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریبات منعقدکی گئیں ۔

ان تقریبات میں حکیم محمد سعید کی تعلیمی ،دینی ،طبی اور سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔برسی کے سلسلہ میں ہمدرد مرکزراولپنڈی میں بھی قرآن خوانی و دعاکا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سربراہ تعلقاتِ عامہ ہمدرد حیات محمد بھٹی، رکن شوریٰ ہمدردایس ایم تنویر نصرت، نعیم اکرم قریشی اور دیگر مقررین نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید نے اپنی ساری زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کی۔

(جاری ہے)

ملک و قوم کو صحیح سمت گامزن کرنے کے لیے انہوں نے اپنی زندگی وقف کردی اورسیاسی، سماجی، تعلیمی اور طبی میدان میںبے شمار کارہائے نمایاں سرانجام دیئے اور اسی دوران ہی انہیں شہادت کا رتبہ ملا۔ ان کے نمایاں کارناموں میں طب مشرق کی ترویج و ترقی، مدینة الحکمة،ہمدرد پبلک اسکول، ہمدرد ولیج اسکول، ہمدرد یونیورسٹی، ہمدردلیبارٹریز، ہمدرد فائونڈیشن، نونہال اسمبلی اور شوریٰ ہمدرد کا قیام شامل ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں