راولپنڈی،سی پی او فیصل رانا 9سالہ مقتول بچے کے گھر پہنچ گئے،بچے کے قتل پر ورثاء سے اظہار تعزیت

جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:27

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2019ء) سی پی او فیصل رانا 9سالہ مقتول بچے کے گھر پہنچ گئے،بچے کے قتل پر ورثاء سے اظہار تعزیت ،معصوم بچے کو قتل کرنے والے قانون کے شکنجے سے کبھی نہیں بچ سکیں گے، مقتول بچے کو اپنے بیٹے کی طرح سمجھ کرچیلنج کے طور پر ٹریس کروں گا ، سی پی او کی ورثاء کو یقین دہانی،مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ پولیس کے اقدامات پر ہمیں اطمینان ہے،فیصل رانا پنڈی میں بچوںکی حفاظت اپنے بچوں کی طرح کر رہے ہیں بدقسمتی کہ ہمارا بچہ قتل ہو گیا ہمیں امید ہے کہ بچے کے قاتل جلد گرفتار ہوں گے،مقتول کے والد کی سی پی او سے بات چیت،تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا گزشتہ روز قتل ہونے والے دوسری جماعت کے طالبعلم نوید کے گھر پہنچ گئے ،سی پی او نے بچے کے والد اجمیر خان کو گلے لگایا سی پی او شدت جذبات سے خود بھی آبدیدہ ہو گئے،سی پی او نے کہا کہ بچے کی ناگہانی موت کی خبر سن کر میں گزشتہ رات سے سو نہیں سکا،میرا وعدہ ہے کہ اس وقت تک نہ خود چین سے بیٹھوں گا اور نہ پنڈی پولیس کو چین سے بیٹھنے دوں گا جب تک معصوم بچے نوید کے قاتل گرفتار نہیں ہوتے ،واردات ٹریس نہیں ہوتی اوراس کے محرکات سامنے نہیں آتے،سی پی او نے کہا کہ ابتدائی طور پر پولیس نے جواقدامات اٹھائے ہیں اس سے کیس کے حوالے سے اہم پیش رفت ضرور ہوئی ہے لیکن چونکہ یہ قتل کا معاملہ ہے اسی لئے حتمی نتیجہ تک پہنچے بغیر ہم پیش رفت کو شیئر نہیں کر سکتے ،البتہ میں یقین دلاتا ہوں کہ مقتول نوید کے قاتل زیادہ سے زیادہ 3دنوں میں ضرور گرفتار ہوں گے،میں نے اپنا روڈ میپ طے کر کے ایس او پیز پنڈی پولیس کو بتا دئیے ہیں اگر پاتال کی گہرائیوں میں بھی نوید بچے کے قاتل ہوں گے تو میں انہیں وہاں سے بھی اٹھا کر قانون کے شکنجے میں کس دوں گا،سی پی او کی اس یقین پر مبنی پر اعتماد گفتگو کے دوران مقتول نوید کے اہل خانہ فیصل رانا کو پیار بھری نگاہوں سے ایک مضبوط محافظ کے طور پر دیکھتے رہے،سی پی او کی بات کو کاٹتے ہوئے جذباتی انداز میں روتے ہوئے مقتول کے والد اجمیر خان نے کہا کہ سی پی او صاحب پنڈی کی عوام آپ کی پولیسنگ سے واقف ہیں آپ نے پنڈی کے بچوں کی اسی طرح حفاظت کی ہے جس طرح اپنے بچوں کی حفاظت کی جاتی ہے یہ تو ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارا بچہ اغواء کے بعد قتل ہو گیا ہم جس وقت پولیس کے پاس اغواء کا مقدمہ درج کروانے گئے پولیس نے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر مقدمہ درج کیاا ورنہ بچے کے اغواء کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف پولیس کم ہی درج کرتی ہے،اجمیر خان نے کہا کہ میں اور میرا خاندان پولیس کے اقدامات سے مطمئن ہیں ہماری دعائیں پنڈی پولیس کے ساتھ ہیں خدا کرے گا کہ قاتل گرفتار ہوں گے اور انہیں قانون کے مطابق نشان عبرت بنایا جائے گا ،سی پی او نے رخصت ہونے سے قبل مقتول کے والد کو کہا کہ وہ 24/7جب چاہیں مجھے اس کیس کے حوالے سے مل سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں