سی پی او راولپنڈی کا تھانہ پیر ودھائی میں ڈکیتی قتل کی واردارت پر سخت نوٹس

ایس ایچ او کو شوکاز اور ایس ڈی پی او کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:27

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2019ء) سٹی پولیس افسر راولپنڈی نے تھانہ پیر ودھائی میں ڈکیتی قتل کی واردارت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو شوکاز اور ایس ڈی پی او کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا ہے جبکہ ایس پی کو طلب کر کے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی صاحب ایسی وارداتیں ناقابل برداشت ہیںڈکیتی قتل کی واردات تلاش کریں ایسا نہ ہو کہ میں 72گھنٹوں کے بعد جائے وقوعہ پر کیمپ آفس لگا لوں پنڈی کی عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنا ہی میری پولیسنگ ہے جو پولیس والا ایسا نہیں کر سکتا وہ پنڈی پولیس کا حصہ نہیں رہے گا،سی پی او کا راول ڈویژن کے پولیس افسران سے سخت اظہار ناراضگی،تفصیلات کے مطابق تھانہ پیر ودھائی کے علاقہ میں ہونے والی ڈکیتی قتل کی واردات پر سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے انتہائی سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ پیر ودھائی کو شوکاز جبکہ متعلقہ ایس ڈی پی او کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سی پی او جائے وقوعہ پر خود پہنچے ،واردات کی اب تک کی پراگرس لی،سی پی او نے ایس پی راول کو طلب کیا اور سخت انداز میں اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی صاحب ایسے کام نہیں چلے گا ہمیں ہر قیمت پر ہر حال میں پنڈی کی عوام کے جان ومال کا تحفظ کرنا ہے ،ڈکیتی اور اس میں قتل اس طرح کی وارداتیں ناقابل برداشت ہیں،سی پی او نے اس وقوعہ کے حوالے سے ایس ایچ او سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران کے خلاف محکمانہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ راول ڈویژن پولیس کا ہر اہلکار اور آفیسر سن لے اگر72 گھنٹوں میں یہ واردات ٹریس نہ ہوئی ،ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو میں جائے وقوعہ پر اپنا کیمپ آفس لگا لوں گا ،مجھے ڈکیتی قتل کے ملزمان گرفتار چاہییں انہیں تلاش کرنے کے لئے جتنے وسائل کی ضرورت ہے جس سائنسی ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے وہ میں ایک لمحے کی تاخیر کے بغیر مہیا کروں گا لیکن واردات کو ٹریس کرنے کے لئے جو ڈیڈ لائن دی ہے اس میں بھی ایک لمحے کی تاخیر برداشت نہیں کروں گا ،سی پی او کو بتایا گیا کہ اس واردات کو ٹریس کرنے کے لئے علاقہ کی جیو فینسنگ کروائی جا رہی ہے ،قریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج حاصل کر کے مشتبہ افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ اس نوعیت کی وارداتیں کرنے والے عادی ڈکیت گینگز کا ریکارڈ بھی منگوا کر انہیں بھی شامل تفتیش کیا جا رہا ہے،سی پی او نے کہا کہ ایس پی راول دن میں دو مرتبہ مجھے اس کیس کے حوالے سے بریف کریں گے ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن اس کیس کی خود نگرانی کریں گے اور مجھے فالو اپ اقدامات سے آگاہ رکھیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں