چہلم کے موقع پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات،سی پی او راولپنڈی کی پاک فوج کے دستوں کی تعیناتی،موبائل سروس اور ڈبل سوار ی پر پابندی کی سفارش

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 21:47

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) سٹی پولیس افسر (سی پی او)راولپنڈی نے شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لئے پاک فوج کے دستوں کی تعیناتی،موبائل سروس اور ڈبل سوار ی پر پابندی کی سفارش کر دی ہے اور واضح کیا ہے کہ کسی شخص کو شرانگیزی کی ’’ش‘‘ اور نفرت کی ’’ن‘‘ بھی معاشرے میں نہیں پھیلانے دی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزاجلاس کے دوران کیاسی پی او نے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے جو ایس او پی محرم الحرام میں تھے وہی چہلم حضرت امام حسین پر بھی ہیں جن کی ایک ایک شق پر عمل کیا جائے گاانہوں نے کہا کہ محرم کے دوران بھی پاک فوج کے جوانوں نے سیکورٹی کے حوالے سے تاریخی ڈیوٹی دی اب چہلم کے موقع پر بھی پاک فوج کے دستوں کی تعیناتی کے لئے مجاز اتھارٹی کو درخواست کر دی گئی ہے،امید ہے کہ محرم کی طرح چہلم کے موقع پر بھی پاک فوج کے دستے سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے،انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹس پر موبائل فون سروس کی بندش کے لئے بھی سفارش کر دی گئی ہے جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کے لئے بھی لکھ دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹ کو خاردار تاریں لگا کربند کر دیا جائے گا ،جبکہ جلوس کو3رویہ سیکورٹی حصار مہیا کیا جائے گا،گھڑ سوار پولیس اہلکار بھی جلوس کے ساتھ سیکورٹی ڈیوٹی دیں گے انہوںنے کہا کہ جلوس کے آغاز سے قبل ہی اہلکار اپنے ڈیوٹی والے مقام پر پہنچ کر مجاز اتھارٹی کو رپورٹ کریں گے ،ایس ڈی پی او زاس ڈیوٹی کو چیک کریں گے جبکہ ایس پیز تمام انتظامات کی مکمل نگرانی کریں گے انہوںنے کہا کہ روایتی اور لائسنسی جلوسوں کے راستے میں کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ اس بات پر بھی زیرو ٹالرینس پالیسی ہے کہ کوئی جلوس مقررہ روٹ یا وقت سے ہٹ کر چلے،امن کمیٹی کے ارکان بھی جلوسوں کے ہمراہ ہوں گے،شرانگیزوں اور نفرتیں پھیلانے والوں کو قانون کی نکیل ڈال دی گئی ہے،اس طرح کے انتظامات کر لئے گئے ہیں کہ کوئی شخص شرانگیزی کی ’’ش‘‘ اور نفرت کی ’’ن ‘‘ بھی معاشرے کی طرف نہیں دھکیل سکے گا چہلم کے موقع پر سی پی او آفس میںسکیورٹی امور کی نگرانی کے لئے ایک کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جو24گھنٹے کام کرتا رہے گا

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں