خواجہ سراؤں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پنڈی پولیس کو ہدایات جاری

پیر 21 اکتوبر 2019 20:08

راولپنڈی21اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) سی پی او فیصل رانا نے خواجہ سراؤں کے حقوق کے تحفظ کے قانون پر عملدرآمد کے لئے پنڈی پولیس کو ہدایات جاری کردیں،وزارت انسانی حقوق کی خواجہ سراء مشیر کو یقین دلایا کہ پنڈی کے تھانوں اور پولیس کے دفاتر میں خواجہ سراؤں کو وہی عزت دی جائے گی جس کا تقاضا قانون کرتا ہے،خواجہ سراؤں کو کسی بھی قسم کے تشدد کا نشانہ بنانے والوں کو فوری گرفتار کر کے جیل بھجوایا جائے گا،خواجہ سراؤں کو معاشرے میں احساس کمتری کا شکار نہیں ہونے دیں گے،سی پی او کی یقین دہانی،مشیر وزارت انسانی حقوق کی طرف سے سی پی او کا شکریہ ،تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت انسانی حقوق کی خواجہ سراء مشیر عائشہ نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کے ساتھ ان کے دفتر میں ملاقات کی ،جس کے دوران خواجہ سراؤں کے حقوق اور ان کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی،مشیر وزارت انسانی حقوق خواجہ سرا عائشہ نے کہا کہ سی پی او فیصل رانا نے اپنی تعیناتی کے بعد قانون کی حکمرانی کی تحت از خود ہی خواجہ سراؤں کے حقوق کے تحفظ کے لئے جو اقداما ت اٹھائے ہیں میں نے وزارت انسانی حقوق کو اس سے آگاہ کیا ان اقدامات کو نہ صرف سراہا گیا بلکہ ایک پروفیشنل پولیس آفیسر کی حیثیت سے آئیڈیل بھی قرار دیا گیا،خواجہ سراء عائشہ کے بقول وزارت انسانی حقوق سی پی او فیصل رانا کے انسانی حقوق کے پولیسنگ اقدامات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اسی پیٹرن پر دیگر اضلاع کے افسران کو بھی کام کرنے کے لئے کہا جا رہا ہے،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سی پی او فیصل رانا نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عمومی طور پرقانون شکن عناصر اپنا دکھاوے کا احساس برتری معاشرے پر مسلط کرنے کے لئے خواجہ سراؤں کو منصوبہ بندی کے تحت احساس کمتری کا شکار کرتے ہیں حالانکہ قانون میں خواجہ سراؤں کے حقوق کا تحفظ بھی اسی طرح کیا گیا ہے جس طرح دیگر معاشرتی طبقات کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے،سی پی او نے کہا کہ پنڈی پولیس کو یہ واضح اور دو ٹوک ہدایات ہیں کہ جیسے ہی کسی خواجہ سرا کو کسی بھی حوالے سے تشدد کا نشانہ بنایا جائے تواس کے ملزمان کو فوری سے بھی پہلے گرفتار ہونا چاہیے ،چند روز قبل اس طرح کا واقعہ پیش آیا تو میری ہدایات پر ایس پی پوٹھوہار سید علی نے فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کروایا ،سی پی او نے کہا کہ خواجہ سراؤں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے پولیس نے جو اقدامات قانون کے مطابق کرنا ہیں ان کی واضح ہدایات جاری کی جا چکی ہیں،مشیر وزارت انسانی حقوق خواجہ سراء عائشہ نے تجویز دی کہ خواجہ سراؤں کے لئے الگ جیل ہونا چاہیے جس پر سی پی او فیصل رانا نے کہا کہ مجازاتھارٹی اور متعلقہ حکام تک یہ بات پہنچائی جانی چاہیے ،سی پی او نے کہا کہ پنڈی پولیس قانون کے مطابق خواجہ سراؤں کی عزت نفس کا پہلے سے بھی زیادہ خیال رکھے گی،خواجہ سراء عائشہ نے سی پی او فیصل رانا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک بات پر کم از کم ہر طبقہ متفق ہے کہ فیصل رانا کی بطور پولیس کمانڈر پنڈی میں تعیناتی سے ہر قسم کے قانون شکنوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں جبکہ پنڈی کے قانون پسند عوام بلا خوف و خطر چین اور سکون کی نیند اس لئے سو رہے ہیں کہ فیصل رانا کی کمانڈ میں پنڈی پولیس 24/7جاگ رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں