راولپنڈی،سی پی اوکے فالو اپ اقدامات کی وجہ سے سنگین وارداتوں کے ٹریس ہونے کا سلسلہ جاری

رکشہ ڈرائیور کے اندھے قتل کی واردات ٹریس،مقتول کی اہلیہ نے مالک مکان سے مل کر خاوند کو کرائے کے قاتل سے قتل کروایا پولیس نے کرائے کے قاتل اور مقتول کی بیوہ ملزمہ سمیت مقدمہ کے پانچوں ملزمان گرفتار کر لئے ،مالک مکان بھی شامل

پیر 21 اکتوبر 2019 20:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) سی پی اوفیصل رانا کے فالو اپ اقدامات کی وجہ سے سنگین وارداتوں کے ٹریس ہونے کا سلسلہ جاری،رکشہ ڈرائیور کے اندھے قتل کی واردات ٹریس،مقتول کی اہلیہ نے مالک مکان سے مل کر خاوند کو کرائے کے قاتل سے قتل کروایا،پولیس نے کرائے کے قاتل اور مقتول کی بیوہ ملزمہ سمیت مقدمہ کے پانچوں ملزمان گرفتار کر لئے جن میں مالک مکان بھی شامل ہے،تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کی طرف سے سنگین وارداتوں کے ٹریس ہونے کا سلسلہ جاری ہے وارداتوں کے ٹریس ہونے کی شرح میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے،ایس پی راول آصف مسعود نے سی پی او فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھانہ پیر ودھائی کے علاقہ میں رکشہ ڈارئیور عامر شہزاد ولد خواجہ عزیز کا قتل ہو گیا جس کا مقدمہ تھانہ پیر ودھائی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج ہوا،اندھے قتل کی اس واردات کو ٹریس کرنے کے لئے پولیس نے مقتول کے زیر استعمال موبائل فون کے ڈیٹا نکلوایا جدید سائنسی ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے پولیس نے قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد وقوعہ کے تمام پانچوں ملزمان عامر شہزاد ولد محمد دین،مقتول کی اہلیہ زہرہ بی بی ،حسن شاہ بلال نواز اور فائرنگ کر کے قتل کرنے والے کرائے کے قاتل ذاکر شاہ کو گرفتار کر لیا،ایس پی نے بتایا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مقتول عامر شہزاد ولد خواجہ عزیز رکشہ چلاتا تھا جو عامر شہزاد ولد محمد دین کے مکان میں کرایہ پر رہتا تھا،مالک مکان نے رکشہ ڈرائیور کی اہلیہ زہرہ بی بی سے ناجائز تعلقات استوار کر لئے دونوں نے رکشہ ڈارئیور کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا جس میںملزمان حسن شاہ اور بلال نواز نے سہولت کاری کی ،ملزمان نے بدنام زمانہ کرایہ کے قاتل ذاکر شاہ کے ساتھ معاملہ طے کیا ساڑھی6لاکھ روپے کے عوض ملزم ذاکر شاہ نے رکشہ ڈرائیور عامر شہزاد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا،سی پی او نے اندھے قتل کی واردات ٹریس کرنے پر ایس پی راول کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی پولیسنگ یہی ہے کہ اس طرح کی وارداتوں کو ٹریس کیا جائے جن مقدمات میں ملزمان نامعلوم ہوتے ہیںانہوں نے کہا کہ پنڈی پولیس جس طرح سنگین وارداتوں کو ٹریس کر رہی ہے اسی سپرٹ سے پنڈی کی قانون پسند عوام پولیس کی کارکردگی کے معترف ہو رہے ہیں جس کا اظہار سوشل میڈیا پر پنڈی پولیس کی پذیرائی میں ہو رہا ہے ،سی پی او نے کہا کہ اس سارے مقدمہ کی تفتیش کی نگرانی ایس پی خود کریں گے ،ٹھوس شواہد کے ساتھ ملزمان کو چالان کیا جائے تاکہ عدالت سے ملزمان کو ایسی سزا مل سکے جو معاشرے میں باعث عبرت ہو ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں