ڈینگی مریضوں میں کمی محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری محکموں کی ڈینگی لاروا سرویلنس کے تحت لاروا کی تیز رفتار تلفی کا نتیجہ ہے،

کمشنر راولپنڈی مربوط حکمت عملی کا تسلسل برقرار رکھ کر ڈینگی وباء پر مکمل قابو پانے کیساتھ آئندہ سیزن کے دوران بھی شہریوں کو ڈینگی کے خطرہ سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے، کمشنر راولپنڈی ڈویژن

منگل 22 اکتوبر 2019 00:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ ڈینگی کے مریضوں میں قابل ذکر کمی فوری اور مؤثر کیس رسپانس اور محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری محکموں کی طرف سے ڈینگی لاروا سرویلنس کے تحت لاروا کی تیز رفتار تلفی کا نتیجہ ہے اور اسی مربوط حکمت عملی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ڈینگی کی وباء پر مکمل قابو پانے کے ساتھ ساتھ آئندہ سیزن کے دوران بھی شہریوں کو ڈینگی کے خطرہ سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے - کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے کہا کہ حکومت پنجاب کے انسداد ڈینگی ایکشن پلان کی ترجیحات کی روشنی میں اختیار کی گئی حکمت عملی پر عمل درآمد کے ضمن میں متعلقہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے ہمہ وقتی مانیٹرنگ کا عمل باقاعدگی سے جاری ہے تاکہ انسداد ڈینگی کی کارروائیاںکسی مرحلہ پر تاخیر کا شکار نہ ہونے پائیں- کمشنر نے کہا کہ راولپنڈی کے ساتھ ساتھ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی انسداد ڈینگی مہم پر عمل درآمد کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اور متعلقہ محکموں کو تمام ضروری راہنمائی اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید مؤثر بنا کر ڈینگی کی افزائش کا باعث بننے والے عوامل کا مکمل سدباب یقینی بنا سکیں - کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ڈینگی وباء پر قابو پانے کے لئے فیلڈ ٹیموں اور سپروائزری افسران کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی کا عمدہ معیار برقرار رکھتے ہوئے انسداد ڈینگی ایکشن پلان کے اہداف کی کامیاب تکمیل یقینی بنائی جا سکتی ہے - کمشنر نے ڈینگی کے تیز رفتار تشخیصی ٹیسٹوں کے لئے قائم فلٹر کلینکس کی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی اطمینان بخش قرار دیا اور کہا کہ فلٹر کلینکس کی بدولت راولپنڈی کے تینوں بڑے ہسپتالوں پر تشخیصی ٹیسٹوں کے لئے آنے والوں کا رش خاصا کم ہوا - انہوں نے کہا کہ فلٹر کلینکس کی بدولت تیز رفتار تشخیص کے ذریعے سامنے آنے والے ڈینگی کے کنفرم مریضوں کو فی الفور ہسپتالوں میں داخل کیا گیا جہاں پر معیاری علاج معالجہ سے ان کی مکمل صحت یابی ممکن ہوئی ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں