موسم کی تبدیلی کے باعث ڈینگی لارو اکی افزائش میں نمایا ں کمی ہو رہی ہے ، سیف اللہ ڈوگر

ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام ادارے بلا تعطل اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں،تمام متعلقہ ادارے اور ٹیمیں آئندہ بھی اسی طرح سرگرمیاں جاری رکھیں تاکہ ڈینگی کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

منگل 22 اکتوبر 2019 00:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈ ی سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث ڈینگی لارو اکی افزائش میں نمایا ں کمی ہو رہی ہے تاہم ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام ادارے بلا تعطل اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کی بہتر حکمت عملی اور مربوط روابط کے باعث انسداد ڈینگی مہم میں کافی حد تک کامیابی ممکن ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اور ٹیمیں آئندہ بھی اسی طرح سرگرمیاں جاری رکھیں تاکہ ڈینگی کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔یہ بات انہو ں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے ڈسٹرکٹ ایمر جینسی ریسپانس کمیٹی (ڈرک ) کے جائزہ ایوننگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی فرح آغا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹر صائمہ یونس ،اے ڈی سی فنا نس ملیحہ جمال ،اسسٹنٹ کمشنرز ، سی ای او ہیلتھ اور دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

سیف اللہ ڈوگر نے کہا کہ راولپنڈی میں کنفرم ڈینگی کیسز کا لوڈکم ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ جہاں سے بار بار لاروا مل رہا ہے وہاں پر سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے اور جہاں سرویلنس کم ہے اسے بھی فوکس کیا جائے اور متاثرہ علاقوں میں سپرے اور فوگنگ کا عمل بھی جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی مریضوں میں کمی آنے کے باوجود بھی آخری مریض کے تندرست ہونے تک انسداد ڈینگی مہم جاری رہے گی۔

رکن صوبائی اسمبلی فرح آغا نے کہا کہ عوامی نمائندے انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ راولپنڈی کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں اب تک462 ڈینگی کے مریض موجود ہیںجن میں 323کنفرم ڈینگی کیسزہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 143 ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئی ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 146مریض علاج معالجہ کے بعد ڈسچارج ہو گئے۔ڈینگی کے حوالے سے ایس او پی پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 46 افراد کو نوٹسز12 سیل اور4 افراد کے خلاف ایف آئی آردرج کرائی گئیں ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں