ڈھوک سیداں گرائونڈ کی صفائی بارے توہین عدالت کی پٹیشن نمٹا دی گئی

بدھ 23 اکتوبر 2019 20:52

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ نے ڈھوک سیداں گرائونڈ کو بچوں کے کھیل کود کے قابل بنانے پر توہین عدالت کی پٹیشن نمٹا دی ۔کیس کی سماعت بدھ کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی کے جسٹس طارق محمود عباسی اور جسٹس شاہد محمود عباسی پر مشتمل بنچ نے کی ۔اس موقع پر کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر سبطین رضا نے گرائونڈ کی صفائی اور اسے بچوں کے کھیل کے قابل بنانے کی رپورٹ فاضل عدالت میں پیش کی ۔

فاضل عدالت نے رپورٹ کے پیش نظر پٹیشنر انوار ڈار ایڈووکیٹ سے گرائونڈ کی صفائی بارے سوال کیا جس پر پٹیشنر نے فاضل عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے گرائونڈ کی صفائی اور دیگر امور سے مطمئن ہیں تاھم کینٹ بورڈ حکام کو مستقبل میں بھی گرائونڈ کی صفائی یومیہ بنیادوں پر کرانے کا پابند بنایاجائے ۔

(جاری ہے)

عدالت عالیہ نے پٹیشنر کی جانب سے اعتراض نہ ہونے پر ڈھوک سیداں گرائونڈ کی صفائی بارے دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی ۔

شفاف سوسائٹی غازی آباد راولپنڈی کینٹ کے صدر و سابق رکن مجلس عاملہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن محمد انوار ڈار ایڈووکیٹ نے اے پی پی کو بتایاکہ عدالت عالیہ راولپنڈی نے ڈھوک سیداں گرائونڈ میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عدالتی بیلف مقرر کر تے ہوئے موقع پر جا کر گرائونڈ کی صفائی کی صورتحال پر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے تھے اور لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے گذشتہ سماعت پر سی ای او راولپنڈی کینٹ کی سخت سرزنش کرتے ہوئے گرائونڈ کی فوری صفائی کے احکامات جاری کیے تھے ۔

ان احکامات پر عمل در آمد کرتے ہوئے راولپنڈی کینٹ بورڈ کے شعبہ سینی ٹیشن نے گرائونڈ کی مکمل صفائی کر کے اسے بچوں کے کھیل کے قابل بنا دیا ۔واضح رہے کہ شفاف سوسائٹی غازی آباد راولپنڈی کینٹ کے صدر و سابق رکن مجلس عاملہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن محمد انوار ڈار ایڈووکیٹ نے انعام الرحیم ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت میں دائر رٹ اور توہین عدالت کی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ڈھوک سیداں میں 108کنال 9مرلہ جگہ موجود ہے جسے علاقہ مکینوں کی ضروریات کے مطابق سکول کالج ہسپتال اور کھیل کے میدان کے لئے مختص کیاجائے۔

عدالت کو بتایاگیا کہ قبل ازیں مذکورہ جگہ مختلف سرکاری اداروں کو الاٹ اور بعد ازاں اراضی کی نیلامی کی کوشش بھی کی گئی جس پر شہریوں نے شدید احتجاج بھی کیا تھاجبکہ عدالت نے رواں سال 20مئی کوگرائونڈ کو مکمل صاف کر کے یہاں کچرا نہ پھینکنے کا حکم دیا جس پر عملدرآمد نہ ہونے پر درخواست گزار نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت کے بعد عدالت عالیہ نے راولپنڈی کینٹ بورڈ کو سخت احکامات دیتے ہوئے عدالتی حکم پر من و عن عملدر آمد کی تلقین کی تھی ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں