راولپنڈی پولیس نے تارکین وطن کو لوٹنے والے "عامری ڈکیت" گینگ کو گرفتار کر لیا

بدھ 23 اکتوبر 2019 21:16

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی فیصل رانا کی ہدایات پر ایس پی پوٹھوہار سید علی کی زیر نگرانی تھانہ ویسٹریج پولیس نے تارکین وطن کو لوٹنے والے "عامری ڈکیت" گینگ کو گرفتار کر لیا ہے ،عامری ڈکیت گینگ پولیس اور فورسز کی وردیاں پہن کر لوٹ مار کرتا تھا ،ملزمان سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی غیر ملکی کرنسی اور دیگر مال مسروقہ برآمد کیا گیا ہے ،ملزمان نے متعد ورداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ،پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے ۔

بدھ کوایس ایس پی آپریشن، ایس پی پوٹھوہار کی نگرانی میں تھانہ ویسٹریج پولیس کے ایس ایچ او طاہراحمد ریحان نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر جدید سائنسی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو پولیس اور فورسز کی وردیاں پہن کر لوٹ مار کرنے والے ڈکیت گینگ کے سرغنہ عامری اور اس کے ساتھی جابر کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ملزمان بیرون ملک سے واپس آنے والے افراد کو ٹارگٹ کر کے لوٹتے تھے۔

ان ملزمان نے چند روز قبل تھانہ مورگاہ کے علاقہ میں برطانیہ پلٹ باپ بیٹے سے ملکی و غیر ملکی کرنسی لوٹی اورمزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر کے باپ کو زخمی بھی کر دیا تھا ۔ان ملزمان سے مختلف وارداتوں میں چھینی جانے والی ملکی و غیر ملکی کرنسی ،پولیس اور فورسز کی وہ وردیاں بھی بر آمد کر لی گئیں جنہیں پہن کر وارداتیں کرتے تھے۔تھانہ ویسٹریج کے ایس ایچ او طاہر ریحان کے مطابق ملزمان سے مختلف واردتوں میں چھینے جانے والے قیمتی موبائل فونز،لیپ ٹاپ اوراسلحہ بر آمد کیا گیا ہے ۔

ایس ایچ او طاہر احمد ریحان نے بتایا کہ عامری ڈکیت گینگ بین الاضلاعی گینگ ہے ،اس گینگ نے دوران تفتیش تھانہ ائیر پورٹ میں 3وارداتوں ،تھانہ ویسٹریج ،تھانہ ریس کورس،تھانہ موہر گاہ ،تھانہ روات ،تھانہ کورال ،تھانہ لوہی بھیر اور تھانہ سہالہ میں درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ، ان ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں