راولپنڈی پولیس کی کارروائی ،پولیس ، فورسز کی وردیاں پہن کر ڈکیتیاں کرنیوالا گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

ملزمان سے وارداتوں میں استعمال کی جانیوالی پولیس اور فورسز کی وردیاں ، لوٹی کی غیر ملکی کرنسی، موبائل فونز ، اسلحہ برآمد

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) راولپنڈی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پولیس اور فورسز کی وردیاں پہن کر ڈکیتی کی وارداتیں کرنیوالے ’’عامری ڈکیت‘‘ گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتارکرلیا، ملزمان سے وارداتوں کے دوران استعمال کی جانیوالی پولیس اور فورسز کی وردیاں بر آمد کرلی گئی ہیں،ملزمان بیرون ملک سے واپس آنے والے افراد کو ٹارگٹ کر کے لوٹتے تھے،ملزمان نے چند روز قبل برطانیہ سے واپس آنے والے باپ بیٹے سے ملکی و غیر ملکی کرنسی چھینی تھی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے دونوں کو زخمی کر دیا تھا ،ملزمان سے لوٹی جانے والی ملکی و غیر ملکی کرنسی ،قیمتی موبائل فون اور اسلحہ بھی بر آمد کر لئے گئے ہیں۔

اوور سیز پاکستانیوں نے بڑے ڈکیت گینگ کی گرفتاری پر سی پی او فیصل رانا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس کی کارکردگی کا اعتراف کیاہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی ایسی وارداتیں ہوئیں جو ملزمان نے پولیس اور فورسز کی وردیاں پہن کر کی تھیں،چند روز قبل تھانہ مورگاہ کے علاقہ میں برطانیہ سے واپس آنے والے باپ بیٹے کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہوئی مزاحمت پر ملزمان نے فائر مار کر باپ کو زخمی کر دیا جبکہ ملکی و غیر ملکی کرنسی لوٹ لی،اس طرح کی وارداتوں پر آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز نے نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل رانا کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا،سی پی او نے ایس ایس پی آپریشن طارق ولایت اور ایس پی پوٹھوہار سید علی کا ملزمان کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا،جنہوں نے اے ایس پی کینٹ کامران حمید ،ایس ایچ او ویسٹریج اور ایس ایچ او مورگاہ ،ڈولفن فورس اور پولیس کی ماہر افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جنہوں نے جدید سائنسی ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کر اس گینگ کو ٹریس کرنے کی حکمت عملی تیار کی،ایس ایچ او ز نے برطانیہ پلٹ باپ بیٹے کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی کی واردات کے علاقے میں برطانیہ پلٹ باپ بیٹے سے ہونے والی واردات کو ٹریس کرنے کے لئے قریبی علاقوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی ،علاقہ کی جیو فینسنگ کروائی اور اس نوعیت کی وارداتیں کرنے والے ریکارڈ یافتہ افراد کی چھان بین شروع کی،گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشن طارق ولایت اور ایس پی پوٹھوہار سید علی نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو بتایا کہ اے ایس پی کینٹ ،ایس ایچ اوز ،ڈولفن فورس اور پولیس کی دیگر ٹیم نے اس بڑے ڈکیت گینگ کا نہ صرف سراغ لگایا بلکہ اس ’’عامری ڈکیت‘‘ گینگ کے سرغنہ عامر عرف عامری اور اس کے ساتھی جابر کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے پولیس اور فورسز کی وہ وردیاں بھی بر آمد کر لیں جو وہ پہن کر ڈکیتی کی سنگین وارداتیں کرتے تھے،ملزمان نے پولیس کو انکشاف کیا کہ انہوں نے برطانیہ پلٹ باپ بیٹے کے ساتھ ڈکیتی کی و اردات کرنے کے علاوہ سعودی عرب سے واپس آنے والی فیملی سے بھی ملکی وغیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیاء چھینی ،ملزمان نے بیرون ملک سے واپس آنے والوں سمیت پنڈی کے مختلف تھانوں کے علاقوں میں ہونے والی ڈکیتی کی6وراداتوں کا انکشاف کیا ہے،ایس پی نے بتایا کہ ملزمان وردیاںپہن کر لوگوں کو چیک کرنے کے بہانے روکتے اور پھر ان سے ڈکیتی کی وارداتیں کرتے،پولیس نے گرفتار ملزمان سے مختلف وارداتوں میں چھینی جانے والی ملکی و غیر ملکی کرنسی ،قیمتی موبائل فونز ،لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی اشیاء بر آمد کر لیں،سی پی او فیصل رانا نے ڈاکوؤں کے اس بڑے گینگ کے سرغنہ اور اس کے ساتھی کی گرفتاری پر ایس ایس پی آپریشن ،ایس پی پوٹھوہار ،ڈولفن فورس اور دیگر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اس گینگ کی گرفتاری سے اوورسیز پاکستانیوں کے پنڈی پولیس پر اعتماد میں مزید اضافہ ہو گا،سی پی او نے کہا کہ اس گینگ کے دیگر ارکان اور سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے،ملزمان سے ہر وہ ڈکیتی کی واردات ٹریس کی جائے جو انہوں نے بیرون ملک سے واپس آنے والوں سمیت دیگر افراد کے ساتھ کی ہے،ادھر اوورسیز پاکستانیوں نے ڈاکوؤں کے اس گینگ کی گرفتاری پر ٹیلی فون کر کے سی پی او فیصل رانا اور پنڈی پولیس کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سی پی او فیصل رانا نے اتنے بدنام گینگ کو گرفتار کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک پروفیشنل پولیس آفیسر ہیں جو اوورسیز پاکستانیوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے قانون کے مطابق ہمہ وقت تیار ہیں،سی پی او فیصل رانا نے ٹیلی فون کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو یقین دلایا کہ پنڈی پولیس وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن، آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز کی ہدایات اور آر پی او کیپٹن (ر) احسان طفیل کی مانیٹرنگ کی راہنمائی میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر قسم کے قانون شکنوں کا پیچھا کرتی رہے گی۔

سی پی او محمد فیصل رانا نے ڈکیت گینگ کو ٹریس کرکے ان کے سرغنہ سمیت گرفتار کرنے پر اے ایس پی کینٹ سرکل کامران حمید ، ایس ایچ او ز ،ڈولفن فورس اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل ٹیم کے ممبران کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں