حضور رحمت عالم ؐ کی تہذیب و تمدنی تعلیمات مسلم اُمہ کیلئے مشعل راہ ہیں ، ڈاکٹر جمال ناصر

بدھ 13 نومبر 2019 00:02

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2019ء) چیئرمین قمر جہاں فاؤنڈیشن ڈاکٹر جمال ناصرنے کہا کہ حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی تہذیبی اور تمدنی تعلیمات مسلم اُمہ کیلئے مشعل راہ ہیں ،آپ نے لوگوں کے اذہان و قلوب میں خدائے وحدہ لاشریک کی وحدانیت و حقانیت کا عقیدہ راسخ کرکے انہیں احترام آدمیت اور تکریم انسانیت کے اعلیٰ مقام سے آشنا کیا۔

ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے آقا نبی کریم ؐ کی سیرت و کردار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں ،تاکہ موجودہ موجودہ مادہ پرستی کے دور میں ربّ کائیات ہمارے کیلئے آسانیاں پیدا فرمائے اور ہم اپنی دنیا و آخرت کو سنوار سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم فاروقیہ گلزار مسجد ،دھمیال کیمپ میں منعقدہ ’’سیرت معلم کائنات ؐ کانفرنس ‘‘اور سالانہ تقریب دستار فضیلت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے ناظم وفاق المدارس پنجاب قاضی عبدالرشید، شاہدعمران و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پردارالعلوم فاروقیہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں ۔امیر وفاق المدارس قاضی عبدالرشید نے کہا کہ آپ ؐکی بعثت مبارکہ کا اولین مقصد فضائل اخلاق اور اعمال حسنہ کی تعلیمات تھا۔ ان اعلیٰ اخلاقی اقدارمیں صداقت وعدالت، امانت و دیانت ، صبرو تحمل ، عفوو درگزر ، عد ل و احسان ، سخاوت و شجاعت ،صبرو استقلال،انسانی حقوق کی امور و اسرار کی تعلیم ،انسانوں کے ساتھ ہمدردی ،خیرخواہی، صلہ رحمی ،احسان و بھلائی اور رواداری جیسی درخشاں و جاوید تعلیم شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ ؐنے تبسم ریز اشاروں سے سسکتی انسانیت کو حیات بخشی۔اپنی جامع الکلامی سے دنیا کے مظلوموں اور مجبوروں کو قوت گویائی عطا فرمائی ،آپ نے وحشیوں کو انسانوں کی طرح جینے کا طریقہ و سلیقہ سکھایا،بلاشبہ آپ کل عالم کیلئے ’’معلم اخلاق و کردار تھے ۔مسلم اُ مہ کی اللہ اور اُس کے رسول ؐ کی تعلیمات سے دوری ہی ہمارے تما م تر مسائل کی بنیادی وجہ ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ آپؐ کی زندگی ،آپؐ کی سیر ت و کردار سے آگاہی حاصل کریں ، اپنے بچوں کی تربیت پر دھیان دیں ، تاکہ ہماری آئندہ نسلوں کو دین اسلام کے مطابق زندگی بسر کرنے کا موقع میسر آئے ۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آپ ؐ نے ہر شخص کے حقوق متعین فرماکر سب کو احترام وتکریم انسانیت کا درس دیا۔آپ ؐ نے ہر شعبہ ہائے زندگی کے بارے میں اپنے حکیمانہ اقوال سے راہ نہ دکھائی۔ آپ نے ہدایت الہٰی کے نور سے زندگی کی تاریک راہوں کو درخشاں زندہ و جاوید کیا اور بھٹکے ہوئوں کو صراط مستقیم دکھائی۔انہو ں نے کہا کہ یہ بھی آپؐ ہی کی معلمانہ صلاحیتوں کا کرشمہ ہے کہ آپ ؐنے بربریت ، جہالت ، تعصب ، تفاخر اور ہوس اقتدار کی گھٹا ٹوپ تاریکیوں میں غرق دنیا کو بقعہ نور بنادیا۔ دنیا کے ہر حصے میں طبقات کا فرق تھا لیکن آپؐ ہی وہ معلم مساوات تھے کہ جنہوں نے انسانوں کو مساوات محمدیؐ کے زریں اصول سے روشناس کرایا۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں