ضلعی انتظامیہ اشیائے خوردنی کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائیگی،سیف اللہ ڈوگر

گرانفروشوں کے خلاف اب جرمانے نہیں ہوںگے ،گرفتار کیا جائیگا،ذخیرہ اندوزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

منگل 19 نومبر 2019 23:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اشیائے خوردنی کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائے گی اور گرانفروشوں کے خلاف اب جرمانے نہیں ہوںگے بلکہ انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پرائس مجسٹریٹ پوری طرح مستعد اور فعال ہیں اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر فوری سخت کارروائی ہوگی۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں راولپنڈی ضلع کی تمام تاجر تنظیموں کے عہدیداروں اور نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ تاجروں کی نمائندگی شرجیل میر، شیخ صدیق، شاہد فاروق پراچہ اور طاہر تاج بھٹی نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) ظہیرانور جپہ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور مارکیٹ کمیٹی کے سیکرٹری نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ڈوگر نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے تاجر برادری تعاون کرے - انہوں نے واضع کیاکہ انتظامیہ کے افسران نے کسی تاجر کے خلاف بلاجواز کاروائی نہیں کی اور نہ ہی آئندہ کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اشیائے خوردنی کی قیمتوں کامسلسل جائزہ لیا جا رہاہے اور پرائس مجسٹریٹس پوری طرح فعال ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ ضلع بھرمیں اشیائے خوردنی کی یکساں قیمتوں کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا اور تاجر اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کی نشاندہی کریں جو ناجائز منافع خوری میں ملوث ہیں اور تاجروں اور ضلع بھر کے لئے بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔ تاجروں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کویقین دہانی کرائی کہ اشیائے خوردنی کے مقرر کردہ نرخوںکے مکمل نفاذ میں بھرپورمعاونت کی جائے گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں