راولپنڈی، سی پی او نے کم عمر بچوں کی پتنگ بازی پر والدین کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا

پتنگ فروشی کیخلاف ’جارحانہ آپریشن‘ کیلئے وہی ایس او پیز لاگو کئے گئے ہیں جو ٹاپ10اور ٹاپ20ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناگزیر ہوتے ہیں،محمد فیصل رانا پتنگ بازوں کو گرفتار کرنے کیلئے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ’سیڑھیاں‘ لگائے جانے سے دوربینوں اور ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ تک پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کو روکنے کے لئے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے،افسران سے خطاب

بدھ 20 نومبر 2019 00:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) سی پی اومحمد فیصل رانا نے کم عمر بچوں کی پتنگ بازی پر والدین کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا،پتنگ فروشی کے خلاف ’’جارحانہ آپریشن‘‘ کے لئے وہی ایس او پیز لاگو کئے گئے ہیں جو ٹاپ10اور ٹاپ20ملزمان کی گرفتاری کے لئے ناگزیر ہوتے ہیں،پتنگ بازوں کو گرفتار کرنے کے لئے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ’’سیڑھیاں‘‘ لگائے جانے سے دوربینوں اور ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ تک پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کو روکنے کے لئے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے،ایس ایچ اوز مصدقہ اطلاعات کے حصول کے لئے تمام قانونی طریق کار اختیار کریں،ان خیالات کا اظہار سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے پولیس افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن طارق ولایت،ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل،ایس پی پوٹھوہار سید علی ،ایس پی صدر رائے مظہر اقبال اور ایس پی راول آصف مسعود سمیت دیگر افسران نے شرکت کی،سی پی او فیصل رانا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات اور آئی جی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ہم نے ہرقیمت پر راولپنڈی ضلع میں پتنگ فروشی اور پتنگ بازی کو قانون کی طاقت سے روکنا ہے،انہوں نے کہا کہ کم عمر بچوں کی پتنگ بازی تو خطرناک ترین ہے ،کیوں کہ کم عمر بچے طفلانہ طور پر لاپرواہ ہوتے ہیں،راولپنڈی پولیس پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف ’’جارحانہ آپریشن‘‘ کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی شروع کر رہی ہے ،والدین بچوں پر نظر رکھیں انہیں سختی کے ساتھ پتنگ بازی سے روکیں ،اگر کوئی کم عمر بچہ پتنگ بازی کرتا ہوا پکڑا گیا تو اس کے والدین کو تھانے بلا کر قانونی کارروائی کی جائے گی،سی پی او نے کہا کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کو روکنا زندگیوں کی بقا کا مسئلہ ہے،راولپنڈی کی قانون پسندعوام نے قانون شکنوں کے خلاف راولپنڈی پولیس کے ہر آپریشن میں ساتھ دیا،پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف ’’جارحانہ آپریشن‘‘ کے دوران بھی راولپنڈی کی عوام پولیس کے ساتھ ہوں گے ،سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی کے تمام ایس ایچ اوز ،ایس ڈی پی اوز اور دویژنل ایس پیز معاشرے کی نمایاں سماجی ،مذہبی ،تجارتی شخصیات اور تنظیموں سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ ان طبقات کی معاونت سے گلی محلوں کی سطح تک پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات مل سکیں،سی پی او نے کہا کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کو روکنا اس قدر اہم بلکہ اہم ترین ہے کہ عوام مجھے ،ایس ایس پی آپریشن اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو براہ راست فون کر کے یا ملاقات کر کے پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے حوالے سے اطلاعات دے سکتے ہیں تاہم یہ اطلاعات ذاتی بغض و عناد سے بالاتر ہو کر مصدقہ ہونی چاہییںاور ان کے خلاف نتیجہ خیز قانونی کارروائی کی جا سکے،سی پی او نے کہا کہ جس طرح گینگسٹرز کے خلاف کارروائی پولیس کارکردگی کا پیرا میٹر قرار دی گئی ہے اسی طرح پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف ’’جارحانہ -آپریشن‘‘ بھی اب پولیس کارکردگی کا پیرا میٹر ہو گا ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں