ریجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک کا افسران و ملازمین کے لئے اجلاس، راولپنڈی کے پولیس افسران و ملازمین نے بالمشافہ، اٹک ،جہلم اور چکوال کے ملازمین نے بذریعہ ویڈیو لنک مسائل کے متعلق آگاہ کیا

جمعرات 5 دسمبر 2019 22:08

راولپنڈی05دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے ذاتی شنوائی کے لئے آنے والے افسران و ملازمین کے لئے اپنے دفتر میں اجلاس کا انعقاد کیا۔ضلع راولپنڈی کے پولیس افسران و ملازمین نے بالمشافہ جبکہ دیگر اضلاع اٹک ،جہلم اور چکوال کے ملازمین نے بذریعہ ویڈیو لنک اپنے مسائل اور مختلف سزائوں کے متعلق اپیل سے آگاہ کیا۔

آرپی او راولپنڈی نے دادرسی کے لئے آئے ہوئے درخواست گزاروں کو بھی اپنے دفترمیں باری باری سنا اور متعلقہ افسران کو فوری انکوائری و کاروائی کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر نے جاری کردہ مراسلے کے مطابق جمعرات کا دن پولیس افسران و ملازمین کی ذاتی شنوائی کے لئے مقر ر کر رکھا ہے جس میں راولپنڈی ضلع سے تعلق رکھنے والے بالمشافہ دفتر آکر اپنے مسائل سے آگاہ کریں گے جبکہ دیگر اضلاع کے افسران و ملازمین بذریعہ ویڈیو لنک مسائل و اپیل سے متعلق آگاہ کریں گے۔

(جاری ہے)

آرپی او راولپنڈی نے دفتر میں آنے والے ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے کردار اور گفتار کے ذریعے محکمہ پولیس کے لئے ایک اچھا نام پیدا کریں اور حقیقی طور پر عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ آر پی او راولپنڈی نے شنوائی کے لئے آئے ملازمین کے ٹرن آئوٹ کو بھی چیک کیا اور بہترین ٹرن آئوٹ ہونے پر ہیڈ کانسٹیبل توقیر ، کانسٹیبل توصیف اور لیڈی کانسٹیبل نبیلہ کو نقدانعام اورتعریفی سرٹیفکیٹ درجہ دوم بھی دیا۔

آرپی او راولپنڈی نے ملازمان سے کہا کہ وہ اپنے طرز عمل میں بہتری لائیں تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کو ختم کیا جاسکے۔ بعدا زاں آر پی او راولپنڈی نے مختلف مقدمات سے متعلق درخواست گزاروں کو باری باری سنا اور متعلقہ افسران کو فوری انکوائری اور کاروائی کے احکامات جاری کئے ۔ آر پی او راولپنڈی نے سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی درخواستوں پر متعلقہ افسران بروقت کاروائی کریں گے میرٹ اور انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں