ضلعی انتظامیہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے ،ماڈرن سٹی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، کیپٹن (ر) محمد محمود

شہر کی 2.1ملین آبادی کو صفائی ستھرائی بارے مطمئن کرنے کیلئے آر ڈبلیو ایم سی خصوصی اقدامات کرے ،تمام افسرا ن و سٹاف فیلڈ میں رہ کر جانفشانی سے کام کریں ،ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں ، کمشنر راولپنڈی

جمعہ 6 دسمبر 2019 23:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد محمود نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ راولپنڈی شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور اسے ماڈرن سٹی بنانے کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر کی 2.1ملین آبادی کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے مطمئین کرنے کے لئے آر ڈبلیو ایم سی خصوصی اقدامات کرے اور تمام افسرا ن و سٹاف فیلڈ میں رہ کر جانفشانی سے کام کریں اوراپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کے سپر وائزراور ورکرز کا ایریا مارک کیا جائے اور روزانہ آٹھ گھنٹے کی ڈیوٹی ٹائمنگ کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ دور حاضر کے مطابق ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایسا میکنیزم بنایا جائے جس سے روزانہ کی بنیاد پر ہونیوالی فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو چیک کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے صفائی کے حوالے سے ہیلپ لائن اور دیگر ذرائع سے موصول ہونے والی شکایات کے ازالہ کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے یہ بات راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کی طرف سے دیئے جانے والے بریفنگ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی۔ منیجر ڈائریکٹر آر ڈبلیو ایم سی اویس تارڑر ، سی ایف او محمد طاہر بشیر ، سینئر منیجرآپریشنز حسنین ، ڈاکٹر حمید ، انٹرنل ایڈیٹر محمد ارسلان ، منیجرایم آئی ایس احسن ملک ، منیجرپلاننگ محمد فاروق ، منیجر ایچ آر بلال خاور، منیجرایڈمن آصف سلام اور مینجر کمیونیکیشن ناصر میر اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

کمشنر محمد محمود نے کہا کہ ایسا سسٹم متعارف کرایا جائے جس کے تحت صفائی ورکرز(سوئپرز)کو روزانہ اجرت پر بھر تی کیا جائے اور انہیں فی گھنٹہ کے حساب سے اجرت دی جائے اور انہیں یہ اجرت ہفتہ وار کی بنیاد پر دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں اور گلیوںکو صاف ستھرا رکھنا حکومت اور شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے اس لئے شہریوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے انتظامیہ سے تعاون کریں اور کوڑا کرکٹ مقررہ جگہ پر پھینکیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہر صاحب شعور شہری کا فرض ہے کہ وہ دوسرے لوگوں کو بھی شعور دے تاکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر ہم بیماریوں سے بچ سکیںاور اپنے شہر کو خوبصورت بنا سکیں۔ مینجنگ ڈائریکٹر آر ڈبلیو ایم سی اویس تارڑرنے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آر ڈبلیو ایم سی جولائی 2013میں قائم ہوئی ۔اس وقت 3863وزکرز اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیںاور روزانہ کی بنیاد پر راولپنڈی سے ایک ہزار ٹن کوڑاکو ٹھکانے لگایا جاتا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں