ایم ایل ون چین ہی بنائے گا،ایم ایل ٹو کے لئے روس نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے

لاہور میں25 سال بعد (آج ) جلو سرکلرٹرین کا افتتاح کیا جائے گا، ریلوے کے خسارے پر تین سال میں قابو پا لیں گے، تیز گام حادثے کی غیر جانبدار رپورٹ دس دن تک مکمل کر لی جائے گی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی راولپنڈی تا سرگودھا ٹریک کے معائنہ کے آغاز پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 دسمبر 2019 10:35

راولپنڈی۔ 13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون کے لئے پاکستان اور چین کی حکومت نے الگ الگ کمیٹیاں بنا دیں ہیں، ایم ایل ون چین ہی بنائے گا،ایم ایل ٹو کے لئے روس نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے، ایم ایل ٹو،تھری اور فور کے لئے جو بھی آنا چاہئے اس کا خیر مقدم کریں گے،(آج) ہفتہ کو 25سال بعد جلو سرکلرٹرین کا افتتاح کیا جائے گا، تیز گام حادثے کی پیش کی گئی انکوائری رپورٹ متنازعہ ہے، آئندہ 10 روز تک غیر جانبدار رپورٹ مکمل کر لی جائے گی، مریم نواز اور فریال تالپورکے حوالے سے کابینہ سے حق میں فیصلہ آتے نہیں دیکھ رہا، جن 5 کمپنیوں کے ڈائریکٹر بلاول ہیں ان کا پلی بارگین مارچ تک آجائے گا۔

وہ جمعہ کو راولپنڈی تا سرگودھا ٹریک کے معائنہ کے آغاز پر راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

سی ی او ریلوے اعجاز احمد، ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے راولپنڈی سید منور شاہ سمیت ریلوے کے دیگر حکام موجود تھے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مخصوص کوچ میں بیٹھ کر راولپنڈی تا سرگودھا ٹریک کا معائنہ کیا۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے کے آخری ڈویژن کا معائنہ کر رہا ہوں اس سے قبل ریلوے کے تمام آپریشنل ڈویژن کے ٹریک کا معائنہ کر چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں جلو سرکلرٹرین کا آغاز کئی سالوں کے بعد کررہے ییں،ہماری کوشش ہوگی کہ اس ٹرین کے روٹ میں رائیونڈ کو بھی شامل کیا جائے یہ دیرینہ مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہم نے ریلوے کو خسارے سے نکالنے کے لئے 5سال کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن جو رفتار جاری ہے اس میں 3 سالوں میں خسارے پر قابو پا لیں گے اس کامیابی میں ریلوے کے افسران اور مزدوروں کی دن رات کی محنت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت ریلوے کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ریلوے کے گریڈ ایک تا 16 تک ملازمین کو اپ گریڈ کرنے کی سمری بھجوا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت سے حکم امتناعی کے خاتمے کے ساتھ ہی تمام ٹی ایل اے ملازمین کو مستقل کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس وقت پاکستان ریلوے 138 مسافر ٹرینیں اور 12 سے 15 مال گاڑیاں یومیہ کی بنیاد کامیابی سے چل رہیں ییں، کراچی میں بھی مال گاڑیاں کی تعداد بڑھائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک منتخب حکومت کے خلاف غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے استعمال کرنے کیا جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ ایک متفقہ چیف الیکشن کمشنر پر اتفاق کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں جو بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے،دراصل نریندر مودی مسلمانوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا چاہتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ چین کے تعاون سے ایم ایل ون پر جلد کام شروع ہو گا اس کے حوالے سے پروپیگنڈا بے بنیاد ہے، کل بھی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے اس تناظر میں ملاقات ہوئی ہے، پاکستان اور چین نے اس منصوبے کے لئے اپنی اپنی کمیٹیاں بھی قائم کر دیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے سمیت تمام ادارے بہتری کی جانب گامزن ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی معاشی صورتحال بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وکلاء اور ڈاکٹرز کے جھگڑے سے پورا ملک غمگسار ہے، منتخب حکومت کے خلاف غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی زبان استعمال ہو رہی ہے، تین ماہ تک مہنگائی کنٹرول ہوجائے گی، ملک اب بہتری کی طرف جائے گا،نیب سے اچھی خبریں آئیں گی اور پیسہ بھی واپس آئے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے مسلمان پوری دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہندوستان کے تمام مسلمانوں کو گھیرا جارہا ہے، مسلمانوں کی ذمہ داری اب ہم پر ہے ہم ایٹمی طاقت ہیں ۔

ذرائع ابلاغ کے سوالات کے جواب میں شیخ رشید نے کہاکہ فری ٹریڈ پالیسی لے کر آرہے ہیں۔ انہوں نے طلباء تصادم کو افسوسناک قرار دیا اور کہاکہ ابھی تو طلباء یونینز کی بحالی کی بات چیت چل رہی ہے ۔ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا جس سے ریونیو بھی خاطر خواہ بڑھا ،آنے والے وقت میں ریلوے کی بہتری کے مزید اقدامات بھی کریں گے اور ریلوے کے خسارے پر قابو پائیں گے

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں