آر پی او راولپنڈی نے درخواست گزاروں کی سہولت کے لئے ویڈیو لنک پر شکایات سننے کا آغاز کر دیا

جمعرات 23 جنوری 2020 23:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے راولپنڈی ریجن کے درخواست گزاروں کی سہولت کے لئے ویڈیو لنک پر شکایات سننے کا آغاز کر دیا۔ راولپنڈی ریجن کے دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر اشخاص پولیس سے متعلقہ درخواستوںکے سلسلہ میں قبل ازیں راولپنڈی آکر درخواست دیتے تھے جسکی وجہ سے انہیں کافی پریشانی کا سامنا تھا۔

ریجن کے اضلاع اٹک ، جہلم اور چکوال کے درخواست گزار بروز جمعرات اپنے متعلقہ ڈی پی او دفتر سے بذریعہ ویڈیو لنک اپنی شکایات پیش کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق عوام الناس کو سفری اخراجات ،وقت کے ضیاع اور دقت و پریشانی سے محفوظ رکھنے کے لئے ریجنل پولیس آفیسرراولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے ویڈیو لنک پر شکایات سننے کے عمل کا آغاز کر دیاہے۔

(جاری ہے)

اس سہولت سے راولپنڈی ریجن کے اضلاع اٹک،جہلم اور چکوال کے درخواست گزار فائدہ حاصل کر سکیں گے۔ ہفتے میں ایک مرتبہ بروز جمعرات چکوال کے درخواست گزار 10بجے،جہلم کی11بجے اور اٹک کے درخواست گزار12بجے دن اپنے متعلقہ ڈی پی او دفتر سے بذریعہ ویڈیو لنک اپنی شکایات پیش کریں گے جس سے نہ صرف انکے راولپنڈی سفر کرکے آنے پر پیش آنے والی مشکلات ، وقت کی بچت اور سفری اخراجات کی بھی یقینی بچت ہوئی ہے۔

اس سہولت کا باقاعدہ آغاز کیا جا چکاہے جس میں درخواست دہندگان نے اپنی دادرسی کے لئے بذریعہ ویڈیولنک براہ راست آر پی او راولپنڈی کوآگاہ کیا جنکی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو فوری کاروائی و انکوائری کے احکامات جاری کیے گئے۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ راولپنڈی ریجن کے دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو پولیس سے متعلقہ شکایات کے لئے کافی وسائل اور دقت وپریشانی کا سامنا کرکے ریجنل دفتر میں آنا پڑتا تھا ۔ ان کی مشکلات اور پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سہولت کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ ہر فرد بآسانی اور بروقت اپنی شکایات پیش کر سکے۔ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے ساتھ انکو ممکنہ سہولیات پہنچانا بھی ہماری اولین ترجیح ہے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں