سی پی او اور ڈپٹی کمشنر کی امن کمیٹی کے اراکین سے ملاقات،موجودہ ملکی صورتحال پر پولیس اور انتظامیہ کو بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی

بدھ 8 اپریل 2020 01:39

راولپنڈی07اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسن یونس اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)انوار الحق نے موجودہ ملکی صورتحال و کورونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے متعلق پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں امن کمیٹی، علماء کرام اور انجمن تاجران کے ساتھ الگ الگ اجلاس منعقدکیا.۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ ملکی صورتحال پر پولیس اور انتظامیہ کو بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی، علماء کرام نے متفقہ طور پر کہا کہ شب برات کی عبادات کا اہتمام گھروں میں کیا جائے گا، اور رمضان المبارک کے لئے جو ہدایات حکومت کی طرف سے دی جائیں گی ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا،میٹنگ میں سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت ہیلتھ ایمر جنسی نافذ ہے اور کورونا وائرس کے خلاف تمام ادارے اپنا اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں، پولیس کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے، کورونا کے خلاف جنگ میں علمائ کرام کا کردار بھی بہت اہم ہے، علماء کرام شہریوں کو آگاہ کریں کہ وہ گھروں میں اپنی اپنی عبادات کریں، تاکہ کوروناوائرس کو شکست دی جاسکے، سی پی او کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران تاجران بھی اپنی ذمہ داریا ں خوب نبھا رہے ہیں، حکومت کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں پر عملدآمد کو ہر صور ت یقینی بنایا جائے، اس سلسلہ میں تاجر برادری کا تعاون بھی درکار ہے تاکہ شہریوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جاسکے، لاک ڈاؤن کے دوران پولیس حکومتی احکامات پر عملدآمد کرانے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلہ میں آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے،میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے جاری احکامات پر عملدآمد کرنے پر ضلعی انتظامیہ آپ کی شکر گزار ہے اور آئندہ بھی ان پر عملدآمد کر نا ہماری ذمہ داری ہے،میٹنگ کے اختتام پر سی پی او نے علمائ و مشائخ کا شکریہ ادا کیا اس موقعہ پر دونوں طبقات سے تعلق رکھنے والے شرکائ نے بھی سی پی او راولپنڈی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں