صداقت عباسی نے آٹے سمیت اشیاء خوردونوش کے درجنوں ٹرک مری روانہ کردیئے

راشن کے یہ پیکیجز تحصیل مری کی مختلف یونین کونسلوں میں لاک ڈائون متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کئے جائیں گے ،حاجی محمد گلزار اعوان

جمعرات 9 اپریل 2020 00:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2020ء) تحصیل مری کے لاک ڈائون متاثرین کو امداد باہمی کے ضمن میں وافر راشن کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کے ترجمان ، رکن قومی اسمبلی اورپاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر صداقت علی عباسی کی کاوشوں سے درجنوں گاڑیوں کا قافلہ آٹے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش لے کر راولپنڈی سے مری روانہ ہو گیا ہے صداقت علی عباسی کے ایڈوائزر حاجی محمد گلزار اعوان نے بتایا کہ راشن کے یہ پیکیجز تحصیل مری کی مختلف یونین کونسلوں میں لاک ڈائون متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کئے جائیں گے اور یہ سلسلہ آخری مستحق خاندان کو راشن ملنے تک جاری رہے گا ․ انہوں نے بتایا کہ صداقت علی عباسی نے اپنی جانب سے یکمشت معقول رقم دینے کے علاوہ اس امدادی فنڈ میں اپنی چار ماہ کی تنخواہ بھی دینے کا اعلان کیا ہے امدادی قافلے کی روانگی کے موقع پر صداقت علی عباسی نے بتایا کہ ضلع راولپنڈی کی پہاڑی تحصیلوں مری ، کوٹلی ستیاں ، کہوٹہ ، کلر سیداں اور ساگری سرکل میں بھی لاک ڈائون کے متاثرین مستحق خاندانوں کو راشن کی وافر فراہمی کیلئے امداد باہمی کے تحت کاوشیں جاری ہیں اور اگلے چند روز تک اس طرح کے قافلے باقی تحصیلوں کیلئے بھی روانہ کئے جائیں گے حاجی محمد گلزار اعوان نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں یونین کونسل کی سطح پر معززین کی مشاورت سے لسٹیں تیار کر لی گئی ہیں اور ہر مستحق خاندان کو اس کی دہلیز پر راشن فراہم کیا جائیگا ․ حکومت کی جانب سے ملنے والی امدادی رقوم اور راشن سمیت یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری و کم قیمت اشیاء جیسی سہولیات بھی عوام کو میسر ہیں ․ انہوں نے کہا کہ صداقت علی عباسی پورے خلوص ، محنت اور انسانی ہمدردی کے جذبے سے لیس ہو کر کسی لالچ کے بغیر رات دن عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہیں جن کی تحریک پر بے شمار لوگوں نے اپنے اپنے دائرہ عمل و اختیار میں الگ سے امداد باہمی کا یہ سلسلہ شروع کر رکھا ہے

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں