یوم استحصال،آرٹس کونسل میں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم بارے دستاویزی فلم دکھائی گئی

بدھ 5 اگست 2020 23:02

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے راولپنڈی آرٹس کونسل نے ایک خصوصی ڈاکومنٹری پیش کی جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ڈاکومنٹری میں کورونا وبا کے دوران کشمیری عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی ہے۔

ڈاکومنٹری پروجیکٹر پر دکھائی گئی جسے شہریوں نے کثیر تعداد میں سماجی فاصلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے دیکھا۔اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن راولپنڈی حامد جاوید اعوان، ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر سجادحسین بھی موجود تھے۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے حامد جاوید اعوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر کیے جانے والے مظالم کو بھارت پوشیدہ رکھنا چاہتا ہے تاکہ دنیا کو اندھیرے میں رکھا جا سکے مگر پاکستان نے ہمیشہ بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی آرٹس کونسل کی طرف سے پیش کی جانے والی یہ ڈاکومنٹری پوری دنیا کے لئے چشم کشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں حقائق کوچھپانا ممکن نہیں اور جو مظالم بھارت نے ڈھائے ہیں وہ پوری دنیا کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرہ کو بے نقاب کرنے کے لئے کافی ہیں۔ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے اور اب کشمیریوں کی آزادی کا وقت قریب آ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار کے فنکاروں نے بھی اپنی تصاویر، پیٹنگز اور شاعری کے ذریعے کشمیری عوام سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔دستاویزی فلم کے علاوہ آرٹس کونسل کی یوٹیوب چینل پر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور چیئرپرسن پیس اور کلچر آرگنائزیشن، مشال ملک کا خصوصی خطاب بھی نشرکیا گیا جس میں انھوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بدترین بھارتی مظالم کے باوجود آزادی کی جدو جہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ بھارتی جبر اور استبداد میں اضافہ ہو رہا ہے مگر کشمیری عوام کے پایہ استقلال میں لغزش نہیں آئی۔

مشال ملک نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر راولپنڈی آرٹس کونسل کے یو ٹیوب چینل پر آپ لوڈ کئے جانیوالے خصوصی لیکچر میں کہا کہ بھارت نے حق آزادی کی پر امن جدو جہد کرنے والے ہزاروں قیدیوں کو جیلوں میں محبوس کر رکھا ہے اور ان پر بدترین تشدد بھی کیا جا رہا ہے مگر بھارت پھر بھی آزادی کی آواز کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کی یہ سیاہ رات اپنے انجام کے قریب ہے اور مظلوم کشمیری عوام پر آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔

مشال ملک نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہر حال میں کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے، اس مشکل ترین میں دور میں بھی پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت بھی جلد دیکھنا نصیب ہو گا جب پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا دن منائے گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں