پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے ہر مہم کے 100فیصد نتائج حاصل کئے جانا ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) انوار الحق

ہفتہ 19 ستمبر 2020 22:07

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2020ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ ہر مہم کے 100فیصد نتائج حاصل کئے جائیں، تمام محکمے اپنے اپنے فرائض اور جو ڈیوٹیاں انہیں تفویض کی گئی ہیں لگن اور ایمانداری سے انجام دیں کیونکہ اس میں ہمارے بچوں کی حفاظت اور بقاء ہے، ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا، تقریب میں انسداد پولیو مہم ٹیموں کے اراکین کے علاوہ سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر سہیل احمد، ڈی ایچ او احسان غنی اور دیگر ہیلتھ افسران نے بھی شرکت کی، انسدادِ پولیو مہم راولپنڈی ضلع میں (کل) پیر سے شروع ہو گی جو 25 ستمبر تک جاری رہے گی، مہم کے آغاز سے پہلے دو دن ٹیموں کی ٹریننگ کے لئے مختص ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر انوار الحق نے کہا کہ ضلع راولپندی میں 8لاکھ 75ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے جبکہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے مجموعی طور پر 3 ہزار سے زائد ٹیمیں انسداد مہم میں حصہ لیں گی، انہوں نے کہا کہ والدین پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ہر صورت پلائیں اور انسدادِ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کیلئے دوہزار چھ سو موبائیل ٹیمیں، تین سو فکسڈ اور ایک سو سے زائد ٹرنزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی اور تمام ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا بچاؤ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں