دنیا کے پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر وفلسطین کا حل ناگزیر ہے ،علامہ ساجد نقوی

پیر 21 ستمبر 2020 23:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2020ء) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ جنگیں کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتیں، استعماری قوتیں اپنے مقاصد کے حصول کیلئے ریاستوں کو ریاستوں سے اور عوام کو عوام سے لڑانے کی سازشیں کرتی ہیں ، امت مسلمہ کو سمجھنا ہوگا کہ ایک کے بعد دوسرا ملک اس سازش کا شکار ہورہاہے، جن ممالک کے پاس وسائل ہیں انہیں بیرونی جارحیت پر آمادہ کیا جاتاہے اور جو ممالک ترقی پذیر ہیں وہاں داخلی عدم استحکام پیدا کرنے سازشیں کی جاتی ہیں، دنیا کے پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر وفلسطین کا حل عوامی امنگوں کے مطابق ضروری ہے،سنجیدہ فکر شخصیات کو بھی امن کیلئے آگے آنا ہوگاان خیالات کا اظہار انہوںنے عالمی یوم امن پر اپنے پیغام میں کیا علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ صرف ایک دن مختص کرنے سے دنیا میں امن قائم نہیں ہوگا اس سلسلے میں اقدامات بھی اٹھانا ہونگے، جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر اور مشرق وسطیٰ میں مسئلہ فلسطین عالمی اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے ،عراق اور افغان جنگ کے بعد اثرات پوری دنیا سمیت جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ پر پڑے جس سے افغانستان اور عراق کے ساتھ ان کے ہمسائیہ ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوئے،یہ جنگیں بھی ایک سازش کے تحت مسلط کی گئیں اور اب ایک نئی گیم کے ذریعے اسرائیل کے راستہ ہموار کیا جارہاہے ،جس سے خود اسلامی دنیا میں خلیج بڑھ گئی ہے،مسئلہ کشمیر و فلسطین کے مستقل حل کیلئے عوامی امنگوں کے مطابق حل ضروری ہے ، کشمیر وفلسطین کو صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہ سمجھا جائے یہ انسانی حقوق کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جہاں اپنی ہی سرزمین پر ان مظلوموں پر ظلم و تشدد کے ذریعے انہیں بے وطن کیا جارہاہے یا قیدی بنالیاگیاہے ، دنیا کے باضمیر اور سنجیدہ شخصیات کیلئے یہ بڑا سوال ہے انہوں نے کہا کہ پاکستا ن میں بھی داخلی طور پر عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی،ماضی میں عوام میں دوریاں بڑھانے کی سازش ہوئی جسے ہم نے ناکام بنایا ، اب چند ماہ سے ایک فضابناکر نفرت ،فرقہ واریت پھیلانے کی پھر سازش کی جارہی ہے ، ہم اس ملک میں اتحاد وحدت کے بانیوں میں سے ہیں اور ہم ایک مرتبہ پھر اس فتنے کے ذریعے ملکی وحدت کیخلاف کی گئی سازش کو اتحاد کے ذریعے ناکا م بنائیں گے البتہ دیگر طبقات کے سنجیدہ فکر افراد کو اس جانب توجہ دینا ہوگی اور مزید کسی نئی سازش سے بچنا ہوگا اس وقت کشمیر، فلسطین سمیت مظلوم مسلمان طاقت ور مسلمان ملکوں کی جانب دیکھ رہے ہیں

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں