حکومت پنجاب مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سہولت بازار قائم کر رہی ہے ،راشد حفیظ

جمعرات 22 اکتوبر 2020 21:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر مہنگائی پر قابو پانے کے اقدامات کے سلسلے میں حکومت پنجاب دیگر اضلاع کی طرح راولپنڈی شہر اور اس کی پہاڑی تحصیلوں میں عوام الناس کو اشیائے خورد و نوش کی سستے داموں فراہمی کیلئے فوری ایکشن کے تحت 12 سہولت بازار قائم کر رہی ہے ․ ان میں سے 6 سہولت بازار راولپنڈی اور 6 ضلع کی پہاڑی تحصیلوں میں فوری طور پر فعال کئے جا رہے ہیں ․ اس کے علاوہ ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے تھوک مارکیٹوں کی مانٹیرنگ سمیت دیگر ضروری اقدامات بھی زیر عمل لانے کے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں ․ انہو ںنے یہ بات اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ راولپنڈی شہر میں راول روڈ ، کمیٹی چوک ، حیدری چوک سید پور روڈ،گلزار قائد ، چوہڑ چوک اور چونگی نمبر 22 میں سستے سہولت بازارقائم کئے جا رہے ہیں جبکہ مری ، کہوٹہ ، ٹیکسلا ، کلر سیداں ، کوٹلی ستیاں اور گوجر خان میں بھی یہ بازار قائم کئے جا رہے ہیں ․ اس کے علاوہ عوام کی ضرورت اور ڈیمانڈ کے مطابق مزید سہولت بازار بھی قائم کئے جائیں گے جہاں متعلقہ حکومتی اداروں اور مقا می انتظامیہ کی زیر نگرانی اشیائے خوردو نوش کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائیگی ․ ان بازاروں میں اشیاء کے معیار اور قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ․ انہو ںنے کہا کہ اس کے علاوہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھی ایک بھر پور مہم چلائے گی ․ مہنگائی کے موثر سدباب اور قیمتوں کے کنٹرول کیلئے مارکیٹ کمیٹیوں کو بھی مکمل فعال کیا جا رہا ہے جو گلی محلوں اور بازاروں سے لے کر تھوک منڈیوں تک کام کریں گی ․ منڈیوں میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی یا خرید و فروخت اور ان کی سپلائی سمیت تمام متعلقہ امور کی کڑی نگرانی کرکے ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانون کا گھیرا تنگ کیا جائیگا تاکہ عوام الناس کو مہنگائی سے نجات دلائی جا سکے ․ راجہ راشد حفیظ نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار انسداد مہنگائی کی ان تمام کاروائیوں کی خود نگرانی کریں گے اور تمام اراکین اسمبلی اپنے اپنے شہروں اور علاقوں میں ان اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے فیلڈ میں متحرک ہونگے ․ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور کاروباری لوگوں نے اپنے سیاسی راہنمائوں کے اشاروں پر مصنوعی قلت اور مہنگائی پیدا کرنے کی کوششیں شروع کر رکھی ہیں جس سے عوام الناس اندازہ کر سکتے ہیں کہ حکومت سے باہر یہ سیاسی عناصر کس قدر بے رحم اور اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے کس طرح عوام کا استحصال کروا رہے ہیں تاکہ لوگ مہنگائی کی وجہ سے حکومت سے متنفر ہوں ․ ہماری مخالف سیاسی جماعتیں جہاں دیگر منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں وہیں حکومت کو بد نام کرنے کیلئے ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی پیدا کرنے میں بھی لگی ہوئی ہیں مگر ہم ان کی یہ سازشیں ناکام بنا دیں گے

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں