اشتہاری مجرمان اورقبضہ مافیا کے خلاف سخت کاروائی کی جائے، سی پی او

منگل 24 نومبر 2020 19:43

    راولپنڈی۔24نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24نومبر2020ء) :سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس نے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے تھانہ چونترہ میں کھلی کچہر ی کا انعقاد کیا،کھلی کچہری میںایس پی صدر ضیاءالدین احمد،ایس ڈی پی او صدر سرکل سعود خان، ایس ایچ او چونترہ انسپکٹر ظہیر بٹ اور تفتیشی افسران سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،سی پی اومحمد احسن یونس نے کھلی کچہری میںآنے والے 46 شہریوں کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے موقعہ پر احکامات جاری کرتے ہوئے شہریوں کی درخواستیں ایس پی صدر،ایس ڈی پی اوصدر سرکل اورایس ایچ اوچونترہ کو مارک کیں اور کہا کہ مارک کردہ درخواستوں پر قانونی کاروائی کرکے دئیے گئے ٹائم فریم کے اندر رپورٹ پیش کی جائے،کھلی کچہری کے دوران سی پی او نے قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم جاری کیا،سی پی او نے کہا کہ اشتہاری مجرمان کو پناہ دینے والوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے،اُنہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، مویشی چوری کے انسداد کے لیے گشت کے نظام کوبہتر بنانے کے علاوہ موثر اقدامات بھی کیے جائیں،کھلی کچہری کے اختتام پر چونترہ کے شہریوں نے کہا کہ سی پی اومحمد احسن یونس نے شہریوں کی انصاف کی فراہمی کے لیے ان کے علاقہ میں کھلی کچہری کاانعقاد کر کے شکریہ کا موقعہ فراہم کیا ہے، جس پر ہم اُن کے مشکور ہیں،کھلی کچہری کے اختتام پر سی پی او نے تھانہ چونترہ کی عمارت کا معائنہ کیا ،تھانے کے ریکارڈ،فرنٹ ڈیسک اور حوالات کا جائزہ لیا،سی پی او نے تھانہ میں سب انسپکٹر غلام اکبر شہید میس کا باقاعدہ افتتا ح کیا،سی پی او نے میس کے پہلے کھانے کے لیے نقد رقم دی اور کہا کہ میس کا پہلا کھانا میری جانب سے ہو گا،سی پی او نے تھانے میں موجود پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ہفتہ وار ریسٹ کے متعلق دریافت کیا، جس پر پولیس اہلکاروں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی پی او کے اس اقدام کو خوب سراہا۔



راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں