شہری سہولیات میں بہتری لانے کیلئے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام سے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا،کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی میں ٹریفک سب سے بڑا مسئلہ ہے ،رنگ روڈ اور لئی ایکسپریس وے جیسے میگا پروجیکٹس منظوری کے آخری مراحل میں ہیں ،پراجیکٹس ٹریفک کے مسائل کو کم ، شہری کی شہری زندگی کو بھی بہتر بنائیں گے، کیپٹن (ر)محمد محمود کا اجلاس سے خطاب

منگل 1 دسمبر 2020 23:37

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)محمد محمود نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں پانی کی فراہمی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، پبلک ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر اور دیگر شہری سہولیات میں بہتری لانے کے لئے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (پی آئی سی آئی آئی پی سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی آر ڈبلیو ایم سی، واسا اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی کو ہدایت کی کہ وہ تمام ڈیجیٹل ڈیٹا کو فوری طور پر پی آئی سی آئی آئی پی کے ساتھ شیئر کریں جبکہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی ای) کو ایک ہفتہ میں تمام مطلوبہ ڈیٹا شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی۔کمشنر راولپنڈی نے یہ بات اس پروگرام کے حوالے سے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پروگرام ڈائریکٹر پی آئی سی آئی آئی پی امان رانا ، ڈاکٹر جاوید اقبال ، ڈاکٹر ریران فرحان، ڈائریکٹر فنانس اینڈ پلاننگ نازیہ پروین سندھن ، ڈی جی آر ڈی اے عمارہ خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ سرکاری محکموں اور اداروں کے تعاون سے پانی کی فراہمی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، نکاسی آب کے نظام اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے پی آئی سی آئی آئی پی کے مقاصد اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)محمد محمود نے کہا کہ راولپنڈی اہم جیوگرافیکل مقام رکھتا ہے کیونکہ یہ وفاقی دارالحکومت کا جڑواں شہر ہے اور خیبر پختونخوا، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ پنجاب کا داخلی راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ٹریفک سب سے بڑا مسئلہ ہے اور راولپنڈی رنگ روڈ اور لئی ایکسپریس وے جیسے میگا پروجیکٹس منظوری کے آخری مراحل میں ہیں جو نہ صرف ٹریفک کے مسائل کو کم کردیں گے بلکہ راولپنڈی کی شہری زندگی کو بھی بہتر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کا روٹ راولپنڈی شہر سے گزرتا ہے جس کے بعد راولپنڈی ملک کا اہم تجارتی مرکز بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں گلوبل ایکٹو سٹیز پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے راولپنڈی ملک کا پہلا، جنوبی ایشیا کا دوسرا اور ایشیا کا تیسرا بڑا شہر ہے جہاں اس منصوبہ کے تحت صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیا جائے گا۔کمشنر نے کہا کہ بہتر رابطہ کے لئے ضروری ہے کہ پروگرام کا ایک فوکل پرسن کمشنر آفس میں تعینات ہو۔ انہوں نے کمشنر آفس سے ڈائریکٹر فنانس اینڈ پلاننگ کو فوکل پرسن بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ اس پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائیگا اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں