راولپنڈی ،حکومت پنجاب نے شرح خواندگی کے صد فیصد حصول کیلئے درکار تمام وسائل مہیا کر دئیے ہیں ،راجہ راشد حفیظ

جمعہ 22 جنوری 2021 23:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے شرح خواندگی کے صد فیصد حصول کیلئے درکار تمام وسائل مہیا کر دئیے ہیں جبکہ بالغ افراد کی خواندگی میں پہلی مرتبہ خواجہ سرائوں کو بھی حکومتی سہولیات کے فیض میں شامل کیا گیا ہے ․ شرح خواندگی کی ان کاوشوں کو نتیجہ خیز اور با مقصد بنایا جا رہا ہے جن میں خاص طور پر جیلوں میں مختلف جرائم کی سزائیں کاٹنے والے شہریوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اصلاحی تربیت بھی دی جا رہی ہے ․ ہم نے صوبے کی تاریخ میں پہلی خواندگی پالیسی دے کر اس شعبے کو قومی تعمیر نو کے عمل میں عملی اور با مقصد کردار کی ادائیگی کا حامل بنا دیا ہے اور اس نیک مشن کی تکمیل میں محکمے کا ہر افسر اور اہل کار اہم ہے جن پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پورے خلوص ، محنت و تندہی اور توجہ کے ساتھ کام کریں تاکہ وطن عزیز سے جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے کے علاوہ افراد معاشرہ کی اخلاقی تربیت کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے ․انہوں نے ان خیالات کا اظہار خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کے ایک محکمانہ اجلاس کی صدارت کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ راجہ راشد حفیظ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کو نمائشی موڈ سے نکال کر ایسا فعال کردار دیا ہے جو نہ صرف خواندگی کی شرح کو حقیقی معنوں میں سو فیصد کرنے کا حامل ہے بلکہ علم و آگہی کے فروغ کے ساتھ ساتھ افراد معاشرہ کی اسلامی تعلیمات کے مطابق اخلاقی تربیت بھی ہماری ان کاوشوں کی خاص صفت ہے ․ جیلوں میں قید نا خواندہ افراد کو لکھنا پڑھنا سکھانے کے علاوہ انہیں جرائم سے تائب ہو کر اچھا شہری بننے کی تربیت بھی دی جا رہی ہے جبکہ خواجہ سرائوں کو بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے انہیں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے قومی تعمیر نو کے عمل میں شریک کرنے کی کاوشوں کو عوامی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے ․ راجہ راشد حفیظ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں غیر رسمی سکولوں ، جیلوں اور سماجی بہبود کے مراکز میں تعلیم بالغاں کی سہولیات اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور مکمل ہونے والی ایسی سہولیات سے عوامی استفادے کی تفصیلی رپورٹس سے آگاہی حاصل کی ․ انہوں نے محکمہ لٹریسی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ․ انہوں نے غیر رسمی سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں کی سہولیات کے بارے میں بھی پیش رفت کا جائزہ لیا

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں