راولپنڈی ،، آنے والے موسم بہار میں پی ایچ اے صحت مندانہ ماحول کی تعمیر اور شہریوں کو مثبت تفریحی سرگرمیوں کے ہمہ جہت مواقع فراہم کریگا ،ملک عابد حسین

جمعہ 22 جنوری 2021 23:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے وائس چیئرمین ملک عابدحسین نے کہا ہے کہ آنے والے موسم بہار میں پی ایچ اے صحت مندانہ ماحول کی تعمیر اور شہریوں کو مثبت تفریحی سرگرمیوں کے ہمہ جہت مواقع فراہم کریگا جس کیلئے پی ایچ اے کے چیئرمین آصف محمود کی سربراہی میں پروگراموں کو حتمی شکل دینے کیلئے متعلقہ اداروں اور افراد کے ساتھ مشاورتی عمل جاری ہے ․ انہوں نے یہ بات راول پارک راول روڈ اور اقبال پارک مری روڈ کے دورے کے دوران تفریح کیلئے آنے والے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ ملک عابد حسین نے کہا کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم میں شہریوں کو پوری تحریک کے ساتھ شریک کیا جائیگا ․ اس سلسلے میں ہم سرکاری وغیر سرکاری سکولوں ، کالجوں اور فنی تربیتی مراکز میں طلبہ کو ان کے اساتذہ کے ذریعے درختوں کی ضرورت و اہمیت سے آگاہ کرنے کی خصوصی مہم شروع کریں گے ․انہوں نے کہا کہ پارکوں کے لئے مختص قطعات اراضی کو باقاعدہ پارکوں کی شکل دے کر انہیں قدرتی گرین بنانے کا عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہے ․ پارکوں میں تفریح کیلئے آنے والے شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف پھولوں اور پودوں کی حفاظت کریں بلکہ ان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے اپنی تجاویز دیں اور عملی طور پر بھی درخت کاری جیسے صدقہ جاریہ کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں ․ملک عابد حسین نے پارکوں کے عملے سے بھی بات چیت کی اور انہیں کہا کہ وہ پارکوں کے اندر صفائی کا خاص خیال رکھیں اور شہریوں کو پورے ادب و احترام اور اعلی اخلاقی رویوں کے ساتھ صفائی کو برقرار رکھنے کی اپیل کریں ․ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنی عادات اور رویوں میں مثبت تبدیلی لانی چائییے اور ماحول کو آلودہ یا بد صورت بنانے والے اعمال سے گریز کرنا چائییے ․ پارکوں کے اندر اشیائے خورد و نوش کے استعمال میں یہ احتیاط ضروری ہے کہ پھلوں کے چھلکے یا ریپرز وغیرہ زمین پر پھینکنے کی بجائے ڈسٹ بن میں ڈالے جائیں اور پارکوں کی صفائی کو برقرار رکھنے میں متعلقہ عملے سے تعاون کیا جائے ․ انہوں نے کہا کہ یہ وہ چھوٹے چھوٹے کام ہیں جن کو اپنا کر ہم پارکوں کو قدرتی گرین بنانے کی مہم میں معاون ہو سکتے ہیں

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں