جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے حوالہ سے حکومتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا،کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق بھٹہ خشت پر کام کرنیوالے محنت کشوں کے بچوں کو تعلیم اور صحت کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائینگی، اجلا سے خطاب

ہفتہ 27 فروری 2021 21:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2021ء) چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے حوالہ سے حکومتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، بھٹہ خشت پر کام کرنے والے محنت کشوں کے بچوں کو تعلیم اور صحت کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق نے ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر لیبر چوہدری فضل حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مرزا اکرم، لیبر آفیسر غلام مرتضی، محکمہ ایجوکیشن، بھٹہ مالکان اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جبری مشقت، چائلڈ لیبر، لیبر اسکولز میں بچوں کی حاضری کو یقینی بنانے، بھٹہ مزدوروں کو شناختی کارڈ کے اجراء سمیت اجرت جیسے معاملات زیر بحث آئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں چائلڈ لیبر ایکٹ پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف فوری ایکشن لیاجائے گا،بھٹہ مزدوروں کو حکومت کی طرف سے رائج کردہ کم سے کم ویجز کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لیے بھرپوراقدامات کیے جارہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم و تربیت اور صحت کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کے مفید شہری بن سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ سوشل ویلفیر کو ہدایت کی کے وہ چائلڈ لیبر کے حوالے سے والدین میں آگاہی مہم بھی چلائیں تاکہ معاشرہ سے اس لعنت کو ختم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں