آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، خطے میں قیام امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال

پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پر عزم ہے، سربراہ پاک فوج سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات اخوت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، دونوں اقوام امت مسلمہ کے امن، استحکام اور بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی، ولی عہد

جمعہ 7 مئی 2021 13:10

راولپنڈی/ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات خصوصاً فوجی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور محمد بن سلمان کی ملاقات میں خطے میں قیام امن کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پر عزم ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی ولی عہد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات اخوت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، دونوں اقوام امت مسلمہ کے امن، استحکام اور بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں