تھانہ صدر واہ کے علاقہ میں 4 ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ،ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا

بدھ 28 جولائی 2021 22:25

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) تھانہ صدر واہ کے علاقہ میں 4 ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ،فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈکیتی معہ قتل کے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے انفارمیشن کا لوکل نیٹ ورک قائم کرنے کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی ایک اشتہار دیا گیا تھا جس میں مرکزی ملزم کا خاکہ اور جائے وقوعہ سے ملنے والی CCTV فوٹیج بھی شیئر کی گئی تھی،تھانہ صدرواہ پولیس کو اطلاع ملی کہ اس حلیے کا شخص اپنے 03 دیگر مسلح ساتھیوں سمیت بانیاں روڈ پر موجود ہے،پولیس اطلاع پر مذکورہ مقام پر پہنچی تو 04 ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی،فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ تین فائرنگ کرتے ہوئے جنگل میں فرار ہوگئے،ہلاک ڈاکو کی نعش ہسپتال منتقل کی گئی جہاں پر 23 جولائی 2021 ڈکیتی معہ قتل کے مقدمہ کے مدعی شہزاد نے ہلاک ملزم کو شناخت کیا کہ یہ وہی ڈاکو ہے جس نے محمد ظہیر کو ڈکیتی کے دوران ناحق قتل اور مدعی کو زخمی کیا تھا،ہلاک ڈاکو کی شناخت انور خان کے نام سے ہوئی، جو ریکارڈ یافتہ اور ڈکیتی کے مقدموں میں ملوث رہا ہے، وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی سینئر افسران موقعہ پر پہنچ گئے،جنگل میں فرار ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے،ایس پی پوٹھوہارکاکہناتھاکہ فرار ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائیگا،راولپنڈی پولیس شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں