ٴ راولپنڈی ضلع میں تمام چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کا از سر نو جائزہ لیا جائی: ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

اتوار 1 اگست 2021 19:55

{راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اگست2021ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی عامر عقیق خاں نے کہا ہے کہ راولپنڈی ضلع میں تمام چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور اگر کسی جگہ پر معمول کے پانی کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ ہو تو اس کو فوری طور پر ہٹا دیا جائے تاکہ شدید بارشوں کی صورت میں کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔

یہ بات انہوں نے دفتر ڈپٹی کمشنر میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں واسا، راولپنڈی کینٹ بورڈ، چکلالہ کینٹ بورڈ، محکمہ شہری دفاع، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خاں نے کہا کہ تمام انتظامی افسران اپنے علاقوں میں چھوٹے بڑے نالوں کا دورہ کریں اور صفائی کا ذاتی طور پر جائزہ لیں اور اگر کسی جگہ تجاوزات موجود ہوں تو ان کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ کی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تمام محکمے اپنی تیاریوں کا جائزہ لیں اور تمام ضروری سامان چالو حالت میں رکھیں۔ انہوں نے کہا کے تمام متعلقہ محکمے بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے اپنے منصوبوں کا جائزہ لیں اور اپنے تمام عملہ کو الرٹ رکھیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نالوں کے کناروں پر اگر کوئی تجاوزات موجود ہوں تو انہیں فوری طور پر ہٹا دیا جائے اور بلڈنگ ویسٹ نالوں میں پھینکنے والوں کے خلاف فوری طور پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں تمام محکموں کے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں