پاک فوج نے دہشتگردوں کی سرحد پار کرنے کی غیرقانونی کوشش ناکام بنا دی

دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

بدھ 27 اکتوبر 2021 23:17

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2021ء) پاک فوج نے دہشتگردوں کی سرحد پار کرنے کی غیرقانونی کوشش ناکام بنا دی ۔افغانستان سے دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کرم کے علاقے میں افغان دہشت گردوں نے 26 اور 27 اکتوبر کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر باڑ عبور کرنے کی کوشش کی۔

دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی ۔

(جاری ہے)

پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے سرحدی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنادی۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کرم کے رہائشی 24 سالہ لانس نائیک اسد اور لکی مروت کے رہائشی 21 سالہ سپاہیآصف شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر نے پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ آئندہ پاکستان کے خلاف اس طرح کی کارروائیوں کی اجازت نہ دے۔ پاک فوج دہشت گردی کے خطرے سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلیے پرعزم ہے اور اپنے بہادر جوانوں کی شہادت اس کے عزم کو مزید پختہ کرے گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں