راولپنڈی، پی ٹی آئی کے مقامی رہنما ذاتی گاڑیوں پرسرکاری نمبر پلیٹ ،ریوالونگ لائٹ اور سائرن استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار ، مقدمہ درج

مقامی عدالت نے ملزم کی ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا

منگل 7 دسمبر 2021 23:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) تھانہ گنجمنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما کے خلاف اپنی ذاتی گاڑیوں پرسرکاری نمبر پلیٹ ،ریوالونگ لائٹ اور سائرن استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم مقامی عدالت نے گزشتہ روز ملزم کی ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا ناصف گورو نامی شخص خود کوتحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ کا صدراور وزارت انسانی حقوق پنجاب کا کوآرڈی نیٹر بتایا جاتا ہے جس نے اپنی گاڑی پر ’’کوآرڈی نیٹروزارت انسانی حقوق پنجاب ‘‘کی تحریر والی سبز رنگ کی سرکاری نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی تھانہ گنجمنڈی کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد عمر کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 171اور188کے تحت درج مقدمہ کے متن کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ چوہدری ناصف عرف گورو اپنی گاڑیوں پر سرکاری لائٹس اور سائرن کا استعمال کرتا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس کی تشہیر کرتا ہے جو کہ اس وقت اپنی لینڈ کروزر نمبرایس ڈی 656میں کوئٹہ ہوٹل ناولٹی پلازہ کے قریب موجود ہے جس پر جب پولیس متعلقہ پہنچی تو گاڑی میںموجود شخص نے گاڑی بھگا دی جبکہ دوسرے شخص نے اپنا تعارف ناصف محمود سکنہ ڈبلیو564ساگری سکیم گنجمنڈی کروایا جس سے پولیس نے گاڑی پر ریوالونگ لائٹس ، سائرن اور سرکاری نمبر پلیٹ کا اجازت نامہ طلب کیا جو وہ پیش نہ کر سکامقدمہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ شخص نے پرائیوٹ لینڈ کروزراور سلور رنگ کے ویگو ڈالے پر سرکاری لائٹس ،سائرن اورسرکاری نمبر پلیٹ لگا کرسوشل میڈیا پر ان کی تشہیر کر کے حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کا جرم کیا ہے ذرائع کے مطابق پیر اور منگل کی رات گئے ہونے والی کاروائی میں پولیس نے گاڑی قبضہ میں لینے کے بعدنامعلوم وجوہات کی بنا پر چھوڑ دی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایف آئی آر میں شامل گاڑی نان کسٹم پیڈ تھی جبکہ گنجمنڈی پولیس کے مطابق ملزم سے گاڑی ریکور نہیں ہوئی تھی منگل کے روز جب ملزم کو مجاز عدالت میں پیش کیا گیا تو عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کر لی ہے ادھرذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارت انسانی حقوق پنجاب نے ناصف گورو کی بطور کوآرڈی نیٹر نامزدگی اور اس حوالے سے جاری ہونے والے ایسے کسی بھی نوٹیفکیشن سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ذرائع کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کسی شخص کو بھی ذاتی اور پرائیویٹ گاڑی پر ریوالونگ لائٹس ، سائرن اور سرکاری نمبر پلیٹ لگانے کی اجازت نہیں دی جاتی جبکہ تحریک انصاف کے ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ ناصف گورو کا کی سپورٹس اینڈ کلچرونگ میٹروپولیٹن راولپنڈی کے صدر کی حیثیت سے نامزدگی صرف اپنے علاقے میں سپورٹس اور کلچر کی سرگرمیوں کے لئے کی گئی تھی تاہم تحریک انصاف کسی کو بھی قانون اور اختیارات سے تجاوز کی اجازت نہیں دیتی یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ناصف گورو گزشتہ دنوں سرکاری پروٹوکول ظاہر کر کے راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں کے علاوہ مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کے دورے بھی کرتے رہے ہیں

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں