راولپنڈی، ڈھوک منگٹال میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر لگ گئے

علاقے میں بد بو اور تعفن اور بیماریاں پھیلنے لگیں،جگہ جگہ بکھرے کوڑے سے اٹھتی بدبو نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا

منگل 24 مئی 2022 21:20

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) سابق چیئرمین یونین کونسل 4چوہدری عابد محمود نے کہا ہے کہ ڈھوک منگٹال میں گزشتہ کئی روز سے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں بد بو اور تعفن اور بیماریاں پھیلنا شروع ہوگئی ہیں، جگہ جگہ بکھرے کوڑے سے اٹھتی بدبو نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ انتظامیہ کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی مختلف گلیوں میں کوڑا کرکٹ پڑے رہنے سے مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے جو موذی بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں جبکہ گندگی اور کوڑے سے اس قدر بو پھیلی ہوئی ہے کہ مکینوں کا رہنا مشکل ہو چکا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ’’فلاح وبہبود گروپ ‘‘کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ علاقے کی خوبصورتی کو گندگی نے دھندلا کردیا ہے مختلف جگہ پر موجود گند علاقہ مکینوں کیلئے درد سربن گیا ہے سابقہ حکومت میں البراک سے معاہدہ ختم ہونے کے بعد جب سے لوکل انتظامیہ کو ذمہ داری ملی تب سے ہی صفائی کے ناقص انتظامات سامنے آرہے ہیں لیکن گزشتہ چند روز سے تو ایسا لگتا ہے کہ صفائی کیلئے شہر میں کوئی انتظام موجود نہیں ہے ڈھوک منگٹال میں صفائی کے عملے کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر ہے گنجان آباد علاقہ ہونے کے باوجود چند افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے انہوںنے کہا ہے کہ علاقے میں موجود کچرے سے بدبو اور تعفن کے ساتھ ٹریفک روانی بھی متاثر ہونے لگی عملے کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوئی موثر حکمت عملی بھی نہیں بنائی جا سکی ہے جبکہ کئی روز سے پڑے کوڑے کے ڈھیروں نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں